کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ سے باہر

،تصویر کا ذریعہGETTY
دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ سے شکست کے بعد کراچی کنگز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
سنیچر کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز اپنی اننگز میں محمد سمیع کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے مخالف ٹیم کو قابل دفاع ہدف دینے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے 112 رنز کا ہدف سمتھ کی عمدہ اور ہیڈن کی دھواں دار اننگز کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پر 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کا آئندہ میچ اب پشاور زلمی سے ہو گا اور یہ میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سامنا کرے گی۔
سمتھ نے 50 رنز بنائے جبکہ ہیڈن نے29 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے پہلے جمعے کو پلے آف مرحلے کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔



