ٹی ٹوئنٹی دلیری کی کرکٹ ہے: وہاب

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ دلیری کی کرکٹ ہے اور اس میں ہر بولر کو دلیری سے باولنگ کرنا ہوتی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے جعمہ کو کوئٹہ گلیڈیٹر اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا ’میں بہت اچھی فارم اور ردھم میں ہوں، اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا‘۔

وہاب ریاض جنہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ میں اپنی تباہ کن بالنگ سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے جیت لیے تھے اب پی ایس ایل کے میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بارے میں ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کرکٹ میں رن پڑتے ہیں لیکن بولر کو جارحانہ انداز اختیار کیے رکھنا چاہیے اور اگر بیٹسمین پر دباؤ برقرار رکھا جائے تو وہ چانس ضرور دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ باوجود اس کے وہ بہت اچھی فارم میں ہیں ان کو اپنی کمزوریوں اور خامیوں کو پوری طرح احساس ہے اور وہ ان کو دور کرنے کی پوری کوشش کرتے رہتے ہیں۔

وہاب ریاض آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی مقابلوں کے لیے منتخب کی جانے والے پاکستان ٹیم میں شامل ہیں اور پاکستان ٹیم کے بالنگ دستے میں اہم کردار ہو گا۔

جمعہ کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹر کے درمیان ہونے والے میچ میں سٹیڈیم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے کرکٹ شائقین بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔