وہاب ریاض کا انگلش کاؤنٹی ایسیکس سے معاہدہ

وہاب ریاض ٹی20 بلاسٹ میں ایسیکس کی طرف سے سات میچوں میں حصہ لیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنوہاب ریاض ٹی20 بلاسٹ میں ایسیکس کی طرف سے سات میچوں میں حصہ لیں گے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے انگلش کاؤنٹی ایسیکس سے کھیلنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔

وہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ایڈم ملن کی جگہ لیں گے ۔

وہاب ریاض ٹی20 بلاسٹ میں ایسیکس کی طرف سے سات میچوں میں حصہ لیں گے۔

ایسیکس کاؤنٹی کے ہیڈ کوچ کرس سلوروُڈ کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض کے آنے سے کاؤنٹی کے بولنگ اٹیک میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور کاؤنٹی کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے میں بھی مدد ملے گی۔

ایسیکس کو گذشتہ سال ٹی20 ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہاب ریاض 15 ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ انھیں ایشیا کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹی20 سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

وہ اس سے قبل بھی انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں کینٹ اورسرے کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ان دنوں وہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔