پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی پہلی فتح

عمر اکمل اور ڈیلپورٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں شاندار 95 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعمر اکمل اور ڈیلپورٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں شاندار 95 رنز بنائے

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی حاصل ہوئی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ پہلی شکست ہے۔

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمر اکمل اور ڈیلپورٹ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیتنے کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 16 اوورز میں 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

مینڈیس نے 15 ویں اوور میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے لاہور قلندر کی فتح کو قریب تر کر دیا۔ جس کے بعد اگلے ہی اوور پہلے اور دوسری گیند پر دو کھلاڑی ظفر گوہر کی بولنگ کی نذر ہوگئے۔

پانچویں وکٹ تیرھویں اوورز کی پانچویں گیند پر گری جب محمد نواز 42 رنز بنا کر مینڈس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کے پیچھے پیچھے 6 رنز بنا کر محمد نبی بھی ظفر گوہر کی گیند کا نشانہ بن گئے۔

آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی محمد سرفراز تھے انھوں نے 31 رنز بنائے۔

رائٹ، احمد شہزاد اور پیٹرسن اننگ میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر آوٹ ہو گئے۔ تینوں نے بالترتیب 4، 15 اور 12 رنز بنائے۔

اس سے پہلے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر194 رنز بنائے۔ اس میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیل کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

یہ پاکستان سپر لیگ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا سکور ہے۔

عمر اکمل نے 40 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے دھواں دار اننگز کھیلی اور 93 رنز بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔

عمر اکمل اور ڈیلپورٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں شاندار 95 رنز بنائے اور اپنی کو ایک بڑا سکور کرنے میں مدد دی۔ کیمرون ڈیلپورٹ نے 55 گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ انھیں ذوالفقار بابر نے آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر، انور علی اور عمر گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو اظہر علی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز سکور کیے۔ اظہر علی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہPSL

اس سے قبل اتوار کو پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا تھا۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا تھا جو اُس نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اتوار کو ہی کھیلے جانے والے لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی تھی۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔

جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بنا سکی۔