پاکستان سری لنکا کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں

حسن محسن نے عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس دی

،تصویر کا ذریعہICC

،تصویر کا کیپشنحسن محسن نے عمدہ آل راؤنڈ پرفارمنس دی

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 23 رنز سے شکست دے کر پول میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان کا کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ مقابلہ ہو گا جبکہ سری لنکا انگلینڈ کے مدمقابل ہو گا۔

شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان 48.4 اوورز میں 212 رنز سکور کر سکے جبکہ جواب میں سری لنکا 46.4 اوورز میں 189 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے حسن محسن نے عمدہ بیٹنگ کی اور 86 گیندوں میں 86 رنز سکور کیے۔ سلمان فیاض نے 49 گیندوں میں 33 رنز بنائے۔

ان دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز سکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے کمندو مینڈس اور وشاد رندیکا ہی پاکستانی بولرز کا مقابلہ کر سکے۔

مینڈس نے 68 اور وشاد نے 46 رنز بنائے۔ان دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 84 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین جبکہ سمین گل، حسن محسن اور احمد شفیق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔