ثانیہ مرزا اور ہنگس کی جوڑی سیمی فائنل میں

،تصویر کا ذریعہEPA
بھارت کی سٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا اور سوئٹزر لینڈ کی مارٹینا ہنگس کی جوڑی آسٹریلین اوپن میں خواتین کے ڈبلز مقابلے کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں جبکہ سنگلز میں سرینا ولیمز نے شاراپووا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
خواتین کے ڈبلز کے کوارٹر فائنل مقابلے میں اس جوڑی نے جرمنی کی اینا لینا گرینوفیلٹ اور امریکہ کی کوکو وینڈووے کی جوڑی کو 2-6۔ 6-4 اور 1-6 سے شکست دی۔
اب سیمی فائنل میں ثانیہ اور ہنگس کا مقابلہ جرمنی کی جولیا گرگس اور جمہوریہ چیک کی کیرولینا پليشكووا سے ہوگا۔
ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے گذشتہ سال امریکن اوپن اور ومبلڈن میں بھی خواتین ڈبلز کا اعزاز جیتا تھا۔
بھارت کے 69 ویں یوم جمہوریہ کے موقعے پر ثانیہ مرزا کے لیے پدم بھوشن اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہepa
دوسری جانب امریکہ کی کھلاڑی اور ورلڈ نمبر ایک سرینا ولیمز نے روس کی کھلاڑی ماریا شاراپووا کو لگاتار 18 ویں بار شکست دیا۔
چھ بار آسٹریلین اوپن کی فاتح سرینا ولیمز نے شاراپووا کو سیدھے سیٹ 4-6 اور 1-6 سے شکست دیا۔
سرینا ولیمز اس کے ساتھ سٹیفی گراف کے 22 گرانڈ سلیم خطاب کا ریکارڈ برابر کرنے کے مزید قریب پہنچ گئی ہیں۔



