ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا

،تصویر کا ذریعہEPA
بھارت کی ٹینس سٹار اور خواتین کے ڈبلز مقابلوں کی نمبر ایک کھلاڑی ثانیہ مرزا کو کھیل کی دنیا میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں کھیل رتن کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
انھیں یہ ایوارڈ سنیچر کی شام ایک تقریب کے دوران نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون یعنی صدارتی محل میں صدر جمہوریہ پرنب مکھر جی کے ہاتھوں دیا گیا۔
خیال رہے کہ کھیل کے شعبے میں سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے نام پر دیا جانے والا ’راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ سب سے باوقار ایوارڈ ہے۔
بی بی سی کے آدیش کمار گپت نے بتایا کہ سنیچر کی شام صدارتی محل ان کھلاڑیوں اور کوچز سے گلزار تھا جنھیں کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی کے لیے راجیو گاندھی کھیل رتن، ارجن اور دروناچاریہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
انھوں نے بتایا کہ اس تقریب کی سب سے بڑی کشش ٹینس سٹار ثانیہ مرزا تھیں جنھیں راجیو گاندھی کھیل رتن سے نوازا گیا۔ ان سے پہلے ٹینس میں صرف لیئینڈر پیس کو ہی یہ اعزاز ملا ہے۔
بھارتی اخبار دی اکانومک ٹائمز کے مطابق کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹینس سٹار ثانیہ نے ملک کے وقار بلند کیا ہے۔
ثانیہ مرزا پیر سے اس سال کے آخری گرینڈ سلیم امریکی اوپن میں شرکت کر رہی ہیں لیکن وہ صرف اس ایوارڈ کے لیے ابھی تک امریکہ روانہ نہیں ہوئی تھیں اور بطور خاص ہندوستان میں تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ثانیہ مرزا نے اپنی اس کامیابی پر بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا: ’یہ ایوارڈ پاکر میں بے حد خوش ہوں اور فخر محسوس کر رہی ہوں۔
اس کے ساتھ ہی انھوں نے تمام ہم وطنوں کا شکریہ ادا کیا کہ انھیں اس ایوارڈ کے قابل سمجھا گیا۔
ان دنوں ثانیہ مرزا سوئٹزرلینڈ کی مایہ ناز کھلاڑی مارٹینا ہنگس کے ساتھ ساتھ ہیں۔ انھوں نے اپنی ساتھی کے بارے میں بتایا کہ ’ان کا ساتھ سپیشل ہے۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’وہ ایک عظیم اور چیمپئن کھلاڑی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ثانیہ نے امید ظاہر کی کہ وہ مارٹینا ہنگس کے ساتھ مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔
رواں سال ان کی جوڑی نے ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل ثانیہ امریکن اوپن کی فاتح رہیں تھیں لیکن اس وقت ان کی جوڑی برازیل کی کھلاڑی برونوسوریس کے ساتھ تھی اور اس طرح وہ امریکی اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں۔



