بریانی کی شوقین ثانیہ مرزا

،تصویر کا ذریعہColors
بھارت کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ومبلڈن میں مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر خواتین ڈبلز کا خطاب جیتنے کے بعد بی بی سی سے اپنی کامیاب جوڑی کا راز شیئر کیا۔
حیدرآباد میں اپنی رہائش پر بی بی سی سے خاص بات چیت میں ثانیہ مرزا نے کہا ’مارٹینا لیفٹ کورٹ سے اور میں رائٹ کورٹ سے کھیلتی ہوں۔ یہی ہماری طاقت بنتا ہے۔ کورٹ کے باہر بھی ہماری خوب جمتي ہے۔‘
میرا خواب پورا ہوا
ومبلڈن میں خواتین کا ڈبلز خطاب جیتنے پر ثانیہ نے کہا ’ہر ٹینس کھلاڑی کا یہی خواب ہوتا ہے۔ ہر کھلاڑی نمبر ون بننا چاہتا ہے۔ میں بہت خوش ہوں کہ میرا خواب پورا ہوا۔‘
بھارتی کھلاڑی لیئنڈر پیس اور سوئٹزر لینڈ کی مارٹینا ہنگس کی جوڑی نےاس بار ومبلڈن میں مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیتا۔
کورٹ پر لیئنڈر پیس کے ساتھ اپنی جوڑی کے متعلق ایک سوال پر ثانیہ کہتی ہیں ’میں اور لینڈر بہت مختلف طریقے سے کھیلتے ہیں۔ خواتین ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے کھیلنے کے طریقے بھی الگ الگ ہیں۔‘
مہیش بھوپتی کے ساتھ جوڑی کے بارے میں پوچھے جانے پر ثانیہ نے کہا ’مہیش کے ساتھ میری دوستی کورٹ کے باہر بھی ہے۔ کورٹ کے اندر اور کورٹ کے باہر مہیش میرے بہترین دوستوں میں سے ایک ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارتی ٹینس کا مستقبل
لیئنڈر پیس اور ثانیہ مرزا کے بعد ہندوستانی ٹینس کا کیا مستقبل ہوگا؟
اس سوال پر ثانیہ کہتی ہیں ’خواتین ٹینس کے مقابلے میں مرد ٹینس کا مستقبل زیادہ بہتر لگتا ہے۔ سوم دیو اور روہن بوپنّا جیسے کھلاڑی ہیں۔ خواتین ٹینس میں پرارتھنا تھوبڑے، ایكتا رینا اور كرمن کور تھنڈي جیسے نام ہیں۔ صحیح رہنمائی اور تربیت سے یہ کھلاڑی بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔‘
ثانیہ مرزا کو بریانی بہت پسند ہے۔ لندن سے حیدرآباد لوٹتے ہی ثانیہ نے اپنی ایک تصویر ٹویٹ کی تھی جس میں انھوں نے ہیشٹیگ کے ساتھ ’شاداب بریانی‘ لکھا تھا۔
یہ بریانی کا راز کیا ہے، اس سوال پر ثانیہ مرزا نے بی بی سی سے کہا ’میں اس وقت بریانی ہی کھا رہی تھی۔ حیدرآباد کا کھانا آپ جانتے ہیں بڑا مشہور ہے۔‘
ومبلڈن دورے کو یاد کرتے ہوئے ثانیہ کہتی ہیں’ میں حیدرآبادی ہوں۔ ایک ماہ کے بعد جب واپس آتی ہوں تو سب سے پہلے بریانی ہی کھاتی ہوں۔‘
کھانے کی شوقین ثانیہ کھیل کے دوران کافی ضبط سے کام لیتی ہیں۔ ثانیہ کہتی ہیں ’کھیلنے سے پہلے کھانے سے بچتی ہوں کیونکہ کھانے کی وجہ سے تھوڑا بھاری پن لگتا ہے لیکن جب کچھ دن ہوتے ہیں تو ایسا نہیں ہوتا مجھے بھارتی کھانا بہت پسند ہے۔‘
ثانیہ نے بتایا کہ کھانے کی شوقین ہونے کے باوجود وہ روزہ رکھنا چاہتی تھیں لیکن ومبلڈن کی وجہ سے روزے نہیں رکھ پائیں۔ لیکن انھوں نے بھارت آ کر روزے رکھے ہیں۔‘



