آسٹریلوی کپتان سمتھ آئی سی سی کے ’کرکٹر آف دی ایئر‘

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سٹیون سمتھ کو آئی سی سی کی جانب سے ’کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے اور اس طرح وہ سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی جیتنے والے چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق سمتھ کو رواں سال کے لیے ’ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ کا فاتح بھی قرار دیا گیا ہے۔
اس طرح سمتھ بھارت کے راہل دراوڈ، جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، سری لنکا کے کمارا سنگاکارا، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک اور مچل جانسن کے بعد ساتویں کھلاڑی بن گئے ہیں جنھیں دونوں اعزازات سے نوازا گیا ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کا بہترین کھلاڑی جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو قرار دیا گیا ہے۔ انھیں تیسری بار یہ افتخار حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل سنہ 2010 اور سنہ 2014 میں بھی وہ فاتح رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
جنوبی افریقہ کے ٹی 20 کے کپتان فاف ڈو پلیسی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی شاندار سینچری (119) کے لیے ٹی20 2015 کا فاتح قرار دیا گيا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم کو آئی سی سی ’سپرٹ آف کرکٹ‘ کے ایوراڈ سے نوازا گیا ہے۔ انھیں یہ ایوارڈ ٹیم کی حوصلہ مند قیادت کے لیے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2004 میں پہلی بار ان ایوارڈز کا قیام عمل میں آیا تھا۔
اس مقابلے کے لیے 18 ستمبر سنہ 2014 سے 13 ستمبر سنہ 2015 کے درمیان ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس دوران سمتھ نے 13 میچوں کی 25 اننگز میں 57۔82 کی اوسط سے 1734 رنز بنائے جس میں سات سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ جبکہ 26 ون ڈے اننگز میں انھوں نے چار سینچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1249 رنز بنائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ایوارڈ کی خبر پر سمتھ نے کہا: ’دنیا میں اتنے سارے عظیم کھلاڑیوں کے درمیان اس ایوارڈ کو حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ہر چند کہ ٹیم کی کامیابی میری اولین ترجیحات ہیں، تاہم یہ ایوارڈ سپیشل ہے۔‘
انھوں نے اس موقعے پر رچرڈ کیٹلبرو کو بھی مبارک باد دی جنھیں آئی سی سی کا لگاتار تیسری بار امپائر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
اے بی ڈی ولیئرز نے 20 اننگز میں 79 کی اوسط سے 1265 رنز بنائے جس میں دو سنچری اور نو نصف سچریاں شامل تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
آسٹریلیا کی خاتون ٹیم کی کپتان میگ لینگنگ کو خواتین زمرے میں ’ونڈے کرکٹر آف دی ایئر‘ کا فاتح قرار دیا گيا جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتان سٹیفینی ٹیلر کو ’ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کی فاتح بنیں۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ ’امرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ ٹھہرے۔
متحدہ عرب امارات کے کپتان خرم کو ’ایسوسی ایٹ ایفلیئیٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا۔



