یونس، یاسر اور سرفراز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں شامل

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان، لیگ سپنر یاسر شاہ اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے برعکس ایک روزہ کرکٹ کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں جہاں گذشتہ کچھ عرصے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی نمایاں رہی ہے وہیں ون ڈے میں اسے اپنی تاریخ کر بدترین رینکنگ پر جانا پڑا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بدھ کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کیا جن کا انتخاب سابق بھارتی سپنر انیل کمبلے کی سربراہی میں قائم سلیکشن پینل نے کیا۔
آئی سی سی کے بیان کے مطابق اس ٹیم میں شمولیت کے لیے 18 ستمبر 2014 سے 13 ستمبر 2015 کے دوران کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو مدِ نظر رکھا گیا ہے۔
12 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے تین تین، نیوزی لینڈ کے دو جبکہ بھارت کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

،تصویر کا ذریعہfocusbangla
ٹیم کی کپتانی انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کو سونپی گئی ہے اور ان کے ساتھ ٹیم کا حصہ بننے والے انگلش کھلاڑیوں میں بلے باز جو روٹ اور بولر سٹوئرٹ براڈ شامل ہیں۔
افتتاحی بلے باز کے طور پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کا انتخاب ہوا ہے اور ٹیم میں ان کا ساتھ سٹیون سمتھ اور فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ دے رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ سے کین ولیمسن اور ٹرینٹ بولٹ اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ 12ویں کھلاڑی کے طور پر بھارت سے سپنر روی چندرن ایشون کا انتخاب ہوا ہے۔
ون ڈے ٹیم میں کپتانی کے فرائض جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز کو سونپے گئے ہیں جن کے ہمراہ ہاشم آملہ اور عمران طاہر بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ بننے والے جنوبی افریقی کھلاڑی ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیم میں سری لنکا سے دو کرکٹرز تلکارتنے دلشان اور حال ہی میں ریٹائر ہونے والے کمارا سنگاکارا، نیوزی لینڈ سے روس ٹیلر اور ٹرینٹ بولٹ، آسٹریلیا سے سٹیون سمتھ اور مچل سٹارک، بھارت سے محمد شامی، بنگلہ دیش سے مستفیظ الرحمان شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مستفیظ الرحمان بنگلہ دیش کی کرکٹ تاریخ میں پہلے کھلاڑی ہیں جو آئی سی سی کی ٹیم آف دی ایئر کا حصہ بنے ہیں۔
انگلینڈ کے جو روٹ کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ اور نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ کے علاوہ وہ تیسرے ایسے کرکٹر ہیں جو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں قسم کی کرکٹ کے لیے چنی گئی ٹیم کا حصہ ہیں۔



