یونس خان ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائر، ’یہ مناسب وقت ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ابوظہبی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
وہ بدھ کے روز یعنی آج ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف اپنےکریئر کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔
یونس خان نےاپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی فیملی اور قریبی دوستوں سے مشورے کے بعد کیا ہے۔
انہوں 15 سال کے ون ڈے کریئر میں کپتان اور کھلاڑی کی حیثیت سے مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی وہ سمجھتے ہیں کہ یہ مناسب وقت ہے کہ وہ ون ڈے کریئر کو خیرباد کہہ کر نوجوان کرکٹرز سے یہ امید رکھیں وہ اسی جذبے کے ساتھ کھیلیں گے جس طرح انہوں نے کرکٹ کھیلی ہے۔
یونس خان نے اس فیصلے کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے ابوظہبی سے بی بی سی کو بتایاکہ یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقیہ تین میچوں میں دستیاب نہیں ہونگے۔
واضح رہے کہ یونس خان کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم میں شمولیت کامعاملہ کافی دنوں سے موضوع بحث بنا رہا۔
سلیکشن کمیٹی یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی زبردست فارم کی بنیاد پر ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پر مصر تھی لیکن ٹیم منیجمنٹ کا خیال تھا کہ ان کی جگہ کسی نوجوان بیٹسمین کو مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے موقع دیاجانا چاہیے تاہم اس کے باوجود یونس خان کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرلیا گیا لیکن انہوں نے ٹیم میں شامل ہونے کے بعد پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔
یونس خان نے ابوظہبی میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے سے قبل 264 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں 34ء31 کی اوسط سے7240 رنز بنائے۔
انہوں نے7 سنچریاں اور48 نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم حالیہ چند برسوں سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ سات برسوں میں صرف دو سنچریاں اسکور کرپائے۔



