نو ڈالر کی شرط پر آسٹریلوی کرکٹر کو سزا

،تصویر کا ذریعہGetty
ایک خاتون آسٹریلیوی کرکٹر کو ورلڈ کرکٹ کپ 2015 کے دوران میچوں میں نو آسٹریلوی ڈالر کی شرطیں لگانے پر دو برس کی معطل سزا سنائی گئی ہے۔
اے سی ٹی میٹیورز کی 24 سالہ اینجیلا ریکس کو کرکٹ آسٹریلیا کےانسدادِ بدعنوانی کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کی خواتین کی نیشنل لیگ کھیلتی ہیں۔
انھوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل میچ کے مین آف دی میچ پر پانچ شرطیں لگانے کا اعتراف کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ ایئن روئے کہتے ہیں: ’اینجیلا کو پتہ ہے کہ اس نے کتنی بری غلطی کی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’سب بڑے کرکٹروں کو بار بار باور کرایا جاتا ہے کہ کرکٹ کی کسی بھی قسم پر شرطیں لگانا منع ہے۔‘



