سنیل نارائن کو بولنگ سے روک دیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ آزادانہ جائزے سے یہ پتہ چلا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے سپن بولر سنیل نارائن کا ایکشن غیر قانونی ہے اور اس کے بعد انھیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
جائزے میں سامنے آیا کہ ان کی بولنگ کے ایکشن میں ان کا بازو قوائد کے مطابق دیے گئے 15 ڈگری کے ذاوے سے تجاوز کرتا ہے۔
نارائن کا ایکشن نومبر میں سری لنکا کے خلاف پالیکیے میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں رپورٹ کیا گیا تھا۔
تاہم اگر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ چاہے تو نارائن ڈومیسٹک کرکٹ میچوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے آف سپنر اپنے ایکشن میں تبدیلی لانے کے بعد دوبارہ تجزیے کے لیے درخواست کر سکتے ہیں۔
یہ ٹیسٹ 17 نومبر کو برطانیہ کی لوبرو یونیورسٹی میں بنائے گئے آئی سی سی کے تسلیم شدہ سینٹر میں کیا گیا تھا۔
نارائن اس وقت ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آئی سی سی کی رینکنگ میں نمبر 1 پر ہیں۔
یاد رہے کہ سپنر سنیل نارائن نے بولنگ ایکشن رپورٹ کیے جانے کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے بولنگ ایکشن پر مزید کام کریں گے۔



