ویمبلے میں پیرس حملوں کے ہلاک شدگان کو خراج عقیدت

،تصویر کا ذریعہPA
لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں فرانس اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوستانہ فٹبال میچ میں پیرس میں ہلاک ہونے والے 129 افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
سٹیڈیم میں موجود شائقین نے فرانسیسی قومی ترانہ لا مارسیئز گایا۔
اس موقعے پر گراؤنڈ پر شہزادہ ولیم اور وزیراعطم ڈیوڈ کیمرون موجود تھے۔
حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن اور لندن کے میئر بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
دوستانہ میچ کی تاریخ پیرس حملوں سے پہلے طے ہوئی تھی تاہم حملوں کے بعد بھی فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے میچ شیڈول کے مطابق کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ پیرس حملوں میں شہر کے فٹبال سٹیڈیم کو بھی اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہاں فرانس اور جرمنی کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا جا رہا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
میچ شروع ہونے سے پہلے شہزادہ ولیم نے گراؤنڈ میں پھول رکھے۔ فٹبال ایسوسی ایشن نے میچ سے قبل انگلینڈ کے شائقین سے درخواست کی تھی کہ وہ فرانس کا قومی ترانہ یاد کر کے سٹیڈیم میں آئیں تاکہ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔
ویمبلے سٹیڈیم کو فرانس کے قومی پرچم کے تین رنگوں، سفید، سرخ اور نیلے رنگ سے روشن کیا گیا تھا۔ میچ سے قبل پیرس حملوں پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
فرانس کے قومی ترانے کے دوران سٹیڈیم میں موجود کئی افراد آبدیدہ ہو گئے۔ یہ میچ انگلینڈ نے دو صفر سے جیت لیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty



