اے بی ڈی ویلیئرز کا ایک اور ریکارڈ

،تصویر کا ذریعہAFP Getty
- مصنف, مرزا اے بی بیگ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
جنوبی افریقہ کے مشہور افراد کی فہرست میں معروف کرکٹر ڈی ویلیئرز سر فہرست آئے ہیں لیکن اگر ان کا بھارت یا پاکستان کے کرکٹروں سے مقابلہ کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔
جنوبی افریقی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور دنیا کے معروف کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز افریقہ میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیلبریٹی بن گئے ہیں۔ ان کے نام تیز ترین سنچری اور نصف سنچری کا ریکارڈ بھی ہے۔
یہ فہرست جنوبی افریقہ کی میڈیا کمپنی بلیک سموک ایجنسی نے پہلی بار جاری کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اب وہ اس پر مسلسل نظر رکھے گی۔
اس فہرست میں ڈی ویلیئرز نے اپنے ہم وطن کامیڈین ٹریور نوا کو شکست دی ہے۔ ڈی ویلیئرز کے فی الحال 30 لاکھ سے کچھ کم فالوورز ہیں۔ ان کی مقبولیت میں امریکی ٹی وی پروگرام میں آنے پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
جنوبی افریقہ کے مشاہیر ٹوئٹراٹی کی اس فہرست میں جے پی ڈومنی، البی مورکل، فاف ڈوپلیسی بھی شامل ہیں۔ لیکن ان سے آگے سابق کرکٹر ژاک کیلس چھٹے اور سابق کپتان گریم سمتھ پانچویں مقام پر ہیں۔
اگر ان کا مقابلہ بھارت کے یا دوسرے ممالک کے کرکٹروں سے کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ کھلاڑیوں میں وراٹ کوہلی کے فالوورز کی تعداد سچن تندولکر کے فالوورز کی تعداد سے آگے نکل چکی ہے۔
ان کے بعد مہندر سنگھ دھونی کے مداح ہیں۔ لیکن اگر سیلبریٹی کی بات کی جائے تو بالی وڈ کے اداکاروں کے مداحوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔
پاکستان کے سیلبریٹی کرکٹروں میں سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین پہلے نمبر پر نظر آتے ہیں۔ ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کے بعد وسیم اکرم کے فالوورز ہیں جو 17 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ حالیہ کھلاڑیوں میں شعیب ملک کے پونے چھ لاکھ، احمد شہزاد کے ساڑھے پانچ لاکھ اور شاہد آفریدی کے تقریبا پانچ لاکھ فالوورز ہیں۔
بھارت میں تینڈولکر کے 83 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں جبکہ وراٹ کوہلی کے 85 لاکھ سے زیادہ اور مہندر سنگھ دھونی کے 46 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ خواتین کھلاڑی میں ثانیہ مرزا کے فالوورز کی تعدا 31 لاکھ سے زیادہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہHOTURE
بالی وڈ اداکاروں میں بہت سے اداکار کے ایک کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں اور ان میں امیتابھ بچن سر فہرست ہیں جو مسلسل ٹوئٹر پر نظر آتے ہیں۔ ان کے بعد شاہ رخ خان ہیں پھر، عامر خان اور پھر سلمان خان ہیں۔ ان سب کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ سے زیادہ ہے۔
اداکاراؤں میں دیپیکا پاڈوکون اور پرینکا چوپڑا میں کانٹے کا مقابلہ ہے اور دونوں کے فالوورز ایک ایک کڑور سے زیادہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل کے فالوورز کی تعداد 26 لاکھ ہے۔ آسٹریلیا کے کرکٹروں میں شین وارن کے فالوورز کی تعداد 24 لاکھ سے زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ بہت سے کرکٹروں اور مشاہیر کے اکاؤنٹس ٹوئٹر پر مصدقہ نہیں ہیں اور بہت سے سوشل میڈیا سے دور رہنا پسند کرتے ہیں۔
بھارت کے مداحوں میں اپنے اپنے سلیبریٹیز کے لیے بہت جوش پایا جاتا ہے اور اس لیے ٹوئٹر پر بعض اوقات ان میں مباحثہ جاری رہتا ہے۔



