انگلش برتری کا خاتمہ، پاکستان کی تین وکٹیں گر گئیں

حفیظ کو 11 کے انفرادی سکور پر ایک موقع ملا جب انگلش فیلڈر ان کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحفیظ کو 11 کے انفرادی سکور پر ایک موقع ملا جب انگلش فیلڈر ان کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے

انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے باز انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا لیے تھے اور اسے انگلینڈ پر 74 رنز کی برتری حاصل ہے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90170" platform="highweb"/></link>

جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر محمد حفیظ اور نائٹ واچ مین راحت علی موجود تھے اور حفیظ کو اس ٹیسٹ سیریز میں اپنی پہلی اور کریئر کی نویں سنچری بنانے کے لیے تین رن درکار ہیں۔

انھیں 11 کے انفرادی سکور پر ایک موقع بھی ملا جب معین علی کی گیند پر جونی بیرسٹو ان کا مشکل کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز اظہر علی تھے جو 34 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے پہلی وکٹ کے لیے حفیظ کے ساتھ مل کر 101 رنز کی شراکت قائم کی۔

ان کی جگہ آنے والے شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب یونس خان سٹوئرٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ انھوں نے امپائر کے فیصلے پر ریویو لیا لیکن فیصلہ برقرار رہا۔

جیمز اینڈرسن نے شعیب ملک کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو دوسری کامیابی دلوائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجیمز اینڈرسن نے شعیب ملک کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو دوسری کامیابی دلوائی

اس سے قبل انگلش ٹیم منگل کو چائے کے وقفے کے بعد اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور اسے پاکستان پر 72 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تیسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو سکور میں چار رن کے اضافے کے بعد اس کی پانچویں وکٹ گر گئی۔

پاکستان کو یہ کامیابی جیمز ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں ملی جنھیں راحت علی 76 رنز پر آؤٹ کیا۔

برتری حاصل کرنے کے بعد جلد ہی انگلینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب ذوالفقار بابر نے 43 رنز بنانے والے جونی بیرسٹو کو آؤٹ کر دیا۔

انگلینڈ کے آخری پانچ بلے باز سکور میں 61 رنز کا اضافہ کر سکے اور پوری ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے چار، یاسر شاہ نے تین، راحت علی نے دو اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے اور اگر وہ یہ میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔