مصباح سے کہا ہے کہ ریٹائر نہ ہوں: شہریارخان

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہ لینے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان سے کہہ دیا ہے کہ انہیں آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنی چاہیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے حالیہ دورۂ امارات میں مصباح الحق سے علیحدہ ملاقات کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ ابھی ریٹائر نہ ہوں اور آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں۔
شہریارخان نے کہا کہ انھوں نے مصباح سے یہ بھی کہا کہ وہ اس کا جواب ابھی نہ دیں بلکہ سوچ بچار کے بعد فیصلہ کریں جس پر مصباح کا کہنا تھا کہ وہ اس سیریز کے بعد اپنے جواب سے انہیں مطلع کردیں گے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز سے قبل یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف یہ سیریز ان کی آخری سیریز ہو۔
شہریارخان سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی اور سابق کپتان رمیز راجہ بھی مصباح الحق کو پاکستانی ٹیم کی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہیں اپنا کریئر جاری رکھنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔
مصباح الحق پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 19ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مصباح الحق نے60 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں لیکن ابھی تک انہیں انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP



