تیسرا ایشز ٹیسٹ کا پہلا دن انگلینڈ کے نام

،تصویر کا ذریعہGetty
انگلینڈ میں جاری ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کا پہلا دن میزبان ٹیم کے نام رہا ہے۔
برمنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کو 136 رنز بنا کر آؤٹ کرنے کے بعد انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں پر 133 رنز بنا لیے تھے۔
جب کھیل بارش کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم ہوا تو کریز پر جو روٹ 30 اور جونی بیرسٹو ایک رن بنانے کے بعد موجود تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP89464" platform="highweb"/></link>
بدھ کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اوپنر کرس راجرز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
انگلش بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی آسٹریلوی بلے باز کو کریز پر جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
کرس راجرز نے نصف سنچری بنائی اور 52 رنز بنا کر سٹوئرٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ان کے علاوہ ووگز 16 رنز کے ساتھ دوسرے بڑے سکورر رہے جبکہ پانچ آسٹریلوی بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 47 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں۔
ان کے علاوہ سٹوئرٹ براڈ اور سٹیون فن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک کو صرف تین ہی بولرز کو استعمال کرنے کی ضرورت پڑی۔
جواب میں انگلینڈ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ صرف 19 کے سکور پر گر گئی لیکن پھر کپتان کک اور ایئن بیل نے سکور 76 تک پہنچا دیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
اس موقع پر نیتھن لیون نے کک کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑی۔ تاہم دوسرے اینڈ پر موجود بیل نے نصف سنچری بنائی اور تیسری وکٹ کے لیے جو روٹ کے ساتھ مل کر 44 رنز کی شراکت قائم کی۔
بیل دس چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے کے بعد لیون کی دوسری وکٹ بنے۔
واضح رہے پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز فی الحال ایک ، ایک سے برابر ہے۔
کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔
اس کے بعد لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔



