کارڈف ٹیسٹ: آسٹریلیا کو فتح کے لیے 412 رنز کا ہدف

،تصویر کا ذریعہAFP
کارڈف میں جاری ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 412 رنز کا ہدف دیا ہے۔
جمعے کو میچ کے تیسرے دن انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے آسٹریلیا پر 411 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی ہے۔
آسٹریلوی ٹیم میچ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/89459" platform="highweb"/></link>
اب سے کچھ دیر قبل جوس بٹلر سات، بین سٹوکس 42 اور سٹوورٹ براڈ چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی انگلش ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی ابتدائی دو وکٹیں 22 کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے جو روٹ دوسری اننگز میں 60 رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سے قبل 73 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ایئن بیل اور جو روٹ نے اننگز کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس موقع پر مچل جانسن نے نصف سنچری بنانے والے بیل کو 60 کے سکور پر بولڈ کر کے آسٹریلوی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلوائی۔
بین سٹوکس نے 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم تین اوورز میں اوپر نیچے تین وکٹیں گرنے سے انگلش ٹیم دباؤ میں آگئی۔
آؤٹ ہونے والے ان انگلش بلے بازوں میں سٹوکس کے علاوہ جوس بٹلر سات اور سٹوارٹ براڈ چار رنز بنا کر پویلیئن لوٹے۔
آخر میں مارک وڈ نے 32 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو 289 کے مجموعے تک پہنچے میں مدد دی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ مچل سٹارک، جوش ہیزل وڈ اور مچل جانسن نے دو، دو وکٹیں لیں۔
جمعے کو کھیل کے ابتدائی سیشن میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 308 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح انگلینڈ کو آسٹریلیا پر 122 رنز کی برتری ملی۔
آسٹریلیا کے آخری پانچ کھلاڑی تیسرے دن سکور میں صرف 44 رنز کا ہی اضافہ کر سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے تمام بولرز نے ہی اچھی بولنگ کی اور جیمز اینڈرسن نے تین جبکہ سٹوارٹ براڈ، معین علی اور مارک وڈ نے دو، دو وکٹیں لی۔



