ہمبنٹوٹا: سری لنکا نے پاکستان کو 165 رنز سے شکست دے دی

پاکستان کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے، انھوں نے 18 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے، انھوں نے 18 رنز بنائے

ہمبنٹوٹا میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 165 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 203 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے۔ انھیں انجیلو میتھیوز نے آؤٹ کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90119" platform="highweb"/></link>

پہلی وکٹ کی شراکت میں اظہر علی اور احمد شہزاد نے 51 رنز بنائے جس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

احمد شہزاد 18 اور اظہر علی 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز میں بھر فارم میں دکھائی دینے والے پاکستانی بلے باز سری لنکن بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے۔

سرفراز احمد 27 شعیب ملک 11 اور محمد رضوان 29 رنز بنا کر پویلیئن لوٹ گئے۔

ہمبنٹوٹا کے میدان پر دلشان اور کوشل پریرا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 164 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنہمبنٹوٹا کے میدان پر دلشان اور کوشل پریرا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 164 رنز بنائے

سری لنکا کی جانب سے سینانائیکے تین اور تھسرا پریرا دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔ جبکہ گاماگے، میتھیوز اور سری وردانا ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو دلشان اور پریرا کی عمدہ اوپنگ شراکت داری کی بدولت سری لنکا مقررہ 50 اوورز میں 368 رنز بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔

کوشل پریرا اور دلشان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 164 رنز بنائے۔ جو اس میدان پر ریکارڈ ہے۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب دلشان 62 رنز بنا کر احمد شہزاد کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ دلشان نے ایک روزہ میچوں میں اپنے دس ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

کوشل پریرا آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنھوں نے ایک روزہ میچوں میں اپنی دوسری سنچری سکور کی۔ وہ 109 گیندوں پر نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 116 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔

کپتان اینجلو میتھیوز اور سریوردانا نے بھی نصف سنچریاں سکور کیں۔ میتھیوز 70 اور سری وردانا 52 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے راحت علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوشل پریرا نے اپنی دوسری سنچری مکمل کر لی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکوشل پریرا نے اپنی دوسری سنچری مکمل کر لی ہے

سری لنکا نے ملنگا ، پتھیرانا اور پرادیپ کی جگہ سینانائکے، پریرا اور لاہرو کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ جبکہ پاکستان نے پانچویں ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ پانچ میچوں کی یہ سیریز پاکستان نے تین، دو سے جیت لی ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز کے چوتھے کرکٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی اس سیریز میں تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری پہلے ہی حاصل کر لی تھی۔

یہ نو برس میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکن سرزمین پر کوئی ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی تھا۔