عالمی ہاکی لیگ: فرانس سے بھی شکست، پاکستان کی آٹھویں پوزیشن

اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کاکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کاکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی

بیلجیئم میں جاری عالمی ہاکی لیگ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو فرانس کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں دوگول سے شکست ہو گئی ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں شکست کے بعد پاکستان عالمی ہاکی لیگ میں آٹھویں پوزیشن ہی حاصل کر سکا ہے جبکہ وہ پہلے ہی ریو اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔

فرانس اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کے 13ویں منٹ میں فرانس کی جانب سے مارٹن سائمن نےگول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

پاکستان نے فرانس کی برتری ختم کرنے کے لیے کافی حملے کیے لیکن اسے کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

میچ کے 30ویں منٹ میں فرانس کی جانب سے ہوگو نے دوسرا گول کر کے فرانس کی برتری مزید بڑھا دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد توثیق نے میچ کے 48 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کے میچ میں واپس آنے کی امیدیں روشن کر دیں لیکن میچ کے آخر تک پاکستان فرانس کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کسی اولمپکس مقابلے میں حصہ نہیں لےگی۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کاکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی جبکہ اس نے دو میچ برابر کھیلے اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2016 میں ہونے والے ریو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ آخری موقع تھا اور کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کے لیے پانچویں پوزیشن کے میچ میں آئرلینڈ کو شکست دینا لازمی تھا تاہم اسے اس میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔