’پاکستانی ہاکی ٹیم کی اولمپکس میں شرکت کی تمام امیدیں ختم‘

،تصویر کا ذریعہAFP
بیلجیئم میں جاری عالمی ہاکی لیگ میں پاکستان کو ایک اہم میچ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی 2016 میں برازیل کے شہر ریو میں کھیلے جانے والے اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں شرکت کی امید ختم ہوگئی ہے۔
یہ پہلا موقع ہو گا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کسی اولمپکس مقابلے میں حصہ نہیں لے گی۔
جمعے کو اینٹورپ میں کھیلے جانے والے میچ میں ابتدائی تین کوارٹرز میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم چوتھے کوارٹر کے آغاز میں ہی آئرلینڈ کے سودر ایلن نے میچ کے 46ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے اور مقابلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ تک لے جانے کی کافی کوشش کی مگر آئرش ٹیم کی برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔
اب پاکستان کا مقابلہ اتوار کو ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ کے لیے فرانس اور ملائشیا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے فاتح سے ہو گا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کاکردگی مایوس کن رہی اور وہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی جبکہ اس نے دو میچ برابر کھیلے اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔
کوارٹر فائنل میں اسے برطانیہ نے ہرایا جبکہ جمعے کو اسے آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کا منھ دیکھنا پڑا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2016 میں ہونے والے ریو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ آخری موقع تھا اور کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کے لیے لازمی تھا کہ وہ پانچویں پوزیشن کے میچ میں آئرلینڈ کو شکست دے تاکہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن رہیں۔



