عالمی ہاکی لیگ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو شکست

،تصویر کا ذریعہGetty
بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری عالمی ہاکی لیگ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں برطانیہ نے پاکستان کو دو ایک سے شکست دے دی ہے۔
برطانیہ جمعے کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گا جس نے کوارٹر فائنل میں آئرلینڈ کو چار ایک سے شکست دی۔
<link type="page"><caption> ’فارورڈز کو گول کرنے ہوں گے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2015/06/150622_pak_hockey_atk" platform="highweb"/></link>
میچ میں کے پہلے کوارٹر میں برطانیہ کے کرسِ گرفتھ اور الیسٹر براگوڈن نے گول کر کے پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل کر لی جبکہ پاکستان کو دو گولوں کا خسارہ کم کرنے کے لیے چھوتھے کوارٹر تک انتظار کرنا پڑا۔
میچ کے چوتھے کوارٹر میں پاکستان کے عمر بھوٹہ نے پہلا گول کیا جبکہ اس کے بعد محمد وقاص دوسرا گول کرنے کے قریب تھے تاہم برطانوی گول کیپئر جارج پنر کے مضبوط دفاع کی بدولت وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے میچ کے بعد کہا کہ:’ میرے خیال میں ہم نے تمام تر کوشش کی لیکن ملنے والے موقعوں کو کامیابی میں نہیں بدل سکے لیکن ابھی ہم نے ایک اور میچ کھیلنا ہے اور یہ پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے لیے بہت اہم میچ ہو گا۔‘
خیال رہے کہ سنہ 2016 میں ہونے والے ریو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ آخری موقع ہے اور اب اسے 5ویں پوزیشن کے لیے آئرلینڈ کو شکست دینا ہو گی تاکہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن رہیں اور اس کا فیصلہ رواں سال کے آخر میں منعقد ہونے والی کانٹی نینٹل چیمپئن شپ کے نتائج پر منحصر ہو گا۔
اس سے پہلے ہاکی لیگ میں پاکستان اور فرانس کا میچ دو دو گول سے برابر رہا تھا جبکہ دو میچوں میں اسے شکست ہوئی اور ایک میں کامیابی ملی۔



