ندال ومبلڈن ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں ہی باہر

ندال کو مسلسل چوتھی بار ابتدائی راؤنڈز میں شکست ہوئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنندال کو مسلسل چوتھی بار ابتدائی راؤنڈز میں شکست ہوئی

لندن میں جاری ومبلڈن گرینڈ سلام ٹینس مقابلے میں دو بار ٹورنامنٹ جیتنے والے سپین کے رافیل ندال دوسرے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں جرمنی کے کوالیفائر کھلاڑی ڈسٹن براؤن نے 7-5 3-6 6-4 6-4 سے شکست دی۔

30سالہ ڈسٹن براؤن نے رواں سال پہلی بار کسی بڑے ٹونارمنٹ میں لگاتار دو میچ جیتے ہیں اور عالمی درجہ بندی میں 102 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

رافیل نڈال مسلسل چوتھی بار ومبلڈن ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈز میں مقابلے سے باہر ہو گئے۔ وہ اس سے پہلے 2008 اور 2010 میں ومبلڈن جیت چکے ہیں۔

14گرینڈ سلام ٹونامنٹ جیتنے والے رافیل کو ہر بار اس کھلاڑی نے شکست دی جو عالمی رینکنگ میں پہلے سو کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھا۔

شکست کے بعد رافیل نڈال نے کہا:’ میں اس درجے تک واپس آنے کے لیے محنت کرتا رہوں گا لیکن اگر یہ ممکن نہیں ہوتا تو میں نے یہاں پانچ فائنل کھیلے ہیں اور دو بار ٹرافی واپس وطن لے کر گیا ہوں اور یہ برا نہیں ہے۔‘

ڈسٹن براؤن نے 2010 میں جرمن شہریت اختیار کی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنڈسٹن براؤن نے 2010 میں جرمن شہریت اختیار کی تھی

انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:’یہ اختتام نہیں ہے، یہ میرے لیے افسوس کا لمحہ ہے لیکن زندگی ختم نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی میرا کھیل، اور مجھے اس صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہو گی۔‘

ڈسٹن براؤن نے بی بی سی کو بتایا:’آپ کو اس ( رافیل) کے خلاف اے کلاس گیم کھیلنا ہوتی ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ میں دونوں بار ان سے گھاس پر کھیلا اور کسی دوسرے کورٹ میں ان سے نہیں کھیلنا چاہوں گا، میرے کھیل کی وجہ سے وہ اپنی گیم نہیں کھیل سکے اور وہ اپنے ردھم میں نہیں آ سکے۔‘

ڈسٹن براؤن کا مقابلہ اب اتوار کوعالمی نمبر 22 وکٹر ٹروچکی سے ہو گا۔