ومبلڈن:دفاعی چیمپیئن مرے کو کوارٹر فائنل میں شکست

یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ اینڈی مرے ومبلڈن کا سیمی فائنل نہیں کھیل پائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ اینڈی مرے ومبلڈن کا سیمی فائنل نہیں کھیل پائیں گے

لندن میں ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک رافیئل ندال کے بعد اب دفاعی چیمپیئن اینڈی مرے بھی کوارٹر فائنل میں شکست کھا گئے ہیں۔

بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں اینڈی مرے کو بلغاریہ کے گریگور دمیتروف نے سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

23 سالہ گریگور نے دو گھنٹے چلنے والا یہ میچ چھ ایک، سات چھ اور چھ دو کے سکور سے جیتا۔

گریگور اس ٹورنامنٹ کی درجہ بندی میں 11ویں نمبر پر ہیں اور وہ پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم مقابلے کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ اینڈی مرے ومبلڈن کا سیمی فائنل نہیں کھیل پائیں گے۔

27 سالہ مرے نے میچ میں اچھا آغاز کیا لیکن وہ پہلے گیم میں بریک پوائنٹ سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

گریگور اس ٹورنامنٹ کی درجہ بندی میں 11ویں نمبر پر ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنگریگور اس ٹورنامنٹ کی درجہ بندی میں 11ویں نمبر پر ہیں

اس کے بعد پہلے سیٹ میں گریگور نے مرے کو مزید کوئی موقع نہیں دیا اور صرف ایک گیم ہارتے ہوئے سیٹ چھ ایک سے جیت لیا۔

پہلے سیٹ میں مرے کی غلطیوں میں اضافہ ہوتا رہا لیکن دوسرے سیٹ میں وہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ٹائی بریکر تک لے گئے۔

تاہم دمیتروف اس اہم موقع پر نہ گھبرائے اور سات چار کے سکور سے ٹائی بریکر جیت لیا۔

گذشتہ برس بھی چوتھے مرحلے میں مرے اپنے میچ کے ابتدائی دو سیٹ ہارے تھے لیکن پھر انھوں نے میچ میں واپسی کرتے ہوئے فتح حاصل کی تھی تاہم اس بار ایسا نہ ہو سکا۔

تیسرا سیٹ پھر یکطرفہ ثابت ہوا اور گریگور نے دو کے مقابلے میں چھ گیمز سے یہ سیٹ بھی جیت کر مرے کا ومبلڈن میں سفر تمام کر دیا۔