سیرینا ولیمز ومبلڈن سے باہر ہو گئیں

،تصویر کا ذریعہAP
پانچ بار چیمپیئن رہنے والی امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز لندن میں جاری ومبلڈن ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں فرانسیسی کھلاڑی ایلیز کورنیٹ سے ہار گئی ہیں۔
کورٹ ون میں کھیلے جانے والے میچ میں عالمی رینکنگ میں 24 ویں نمبر کی ایلیز نے ٹینس کی دنیا کی پہلے نمبر کی کھلاڑی سیرینا کو 6-1، 3-6، 4-6 سے شکست دی۔
ومبلڈن میں سیرینا اپنے پندرہ ٹورنامنٹس میں یہ تیسری بار ہے کہ ان کو جلد ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو۔
رواں سال وہ کسی بھی گرینڈ سلیم میں چوتھے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی ہیں۔
دوسری جانب 24 سالہ ایلیز نے گرینڈ سلیم میں اس سے قبل عالمی رینکنگ کے پہلے بیس کھلاڑیوں میں سے کسی کو شکست نہیں دی ہے۔
ایلیز نے بی بی سی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا ’مجھے یقین نہیں آ رہا ہے۔ تین سال قبل میں گھاس پر کھیل بھی نہیں سکتی تھی اور اب میں نے دنیا کی پہلے نمبر کی کھلاڑی سیرینا کو اسی کے کورٹ میں شکست دی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا ’مجھے ٹورنامنٹ پر توجہ رکھنی ہے کیونکہ ٹورنامنٹ ابھی جاری ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ کیسے کیا لیکن میں نے دل لگا کر کھیلا اور لوگوں نے بھی میرا ساتھ دیا۔‘
اس سے قبل اسی سال کے شروع میں دبئی میں ایلیز نے سیرینا کو شکست دی تھی۔
بتیس سالہ سیرینا میچ کے شروع میں اچھا نہیں کھیلیں اور غلطیاں کیں۔



