کولمبو: سری لنکا کے 300 رنز مکمل، یاسر شاہ کی پانچ وکٹیں

،تصویر کا ذریعہAFP
کولمبو میں جاری تین کرکٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے نو وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لیے ہیں۔
اس طرح سری لنکا کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 166 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اس کی ایک وکٹ ابھی باقی ہے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90113" platform="highweb"/></link>
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے مقررہ وقت سے قبل ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات کوشل سلوا اور اینجلو میتھیوز کی نصف سنچریاں اور پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کی پانچ وکٹیں تھیں۔ اس کے ساتھ ہی یاسر شاہ کو پاکستان کی جانب سے تیز ترین 50 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سری لنکا کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے کوشل سلوا کی عمدہ اننگز تھی۔
سلوا نے اس میچ میں نصف سنچری بنائی اور 80 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ جبکہ کپتان اینجلو میتھیوز 71 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل جمعے کو سنگارکارا اور سلوا نے 70 رنز سے سری لنکن اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور میں مزید 28 رنز کا اضافہ کیا۔
تاہم اس موقع پر اسد شفیق نے ذوالفقار بابر کی گیند پر کمارا سنگاکارا کا اچھا کیچ لے کر پاکستان کو دوسری کامیاب دلوا دی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
سنگاکارا 37 رنز بنا سکے اور انھوں نے کوشل سلوا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز بنائے۔
سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز لہیرو تھریمانے تھے جو سات رنز بنا کر یاسر شاہ کی پہلی وکٹ بنے۔
یاسر شاہ نے ہی دنیش چندی مل اور ویتھانگے کو بولڈ کر کے اپنی دوسری اور تیسری وکٹ لی۔
پاکستانی فیلڈروں نے دوسرے دن دو آسان کیچ بھی چھوڑے۔
کولمبو ٹیسٹ میں پہلے ہی مشکلات کا شکار پاکستانی ٹیم اپنے اہم فاسٹ بولر وہاب ریاض کی خدمات سے بھی محرومہو چکی ہے۔
وہاب جو جمعرات کو بلے بازی کے دوران بائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوئے تھے، سری لنکا کے خلاف اس پوری ٹیسٹ سیریز سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔
ان کے بائیں ہاتھ میں ہیئر لائن فریکچر ہے اور وہ جمعے کو میدان میں فیلڈنگ کے لیے بھی نہیں آئے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پوری مہمان ٹیم صرف 138 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہیں پہنچ سکا تھا اور واحد قابلِ ذکر بلے باز محمد حفیظ تھے جنھوں نے 42 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے آف سپنر تھرندو کوشل نے 42 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور وہ سری لنکا کی سرزمین پر نو سال میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے کوشاں ہے۔
پاکستانی ٹیم نے آخری بار سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز سنہ 2006 میں انضمام الحق کی قیادت میں جیتی تھی جس کے بعد لگاتار تین مرتبہ اسے ٹیسٹ سیریز میں شکست ہو چکی ہے۔



