وہاب ریاض سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض بائیں ہاتھ میں چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بائیں ہاتھ سے ہی بولنگ کرنے والے وہاب ریاض کے ہاتھ پر جمعرات کو بلے بازی کے دوران سری لنکن فاسٹ بولر دشمانتھا چمیرا کی گیند لگی تھی۔
اس کی وجہ سے ان کے ہاتھ میں ’ہیئر لائن فریکچر‘ ہو گیا ہے اور وہ جمعے کو فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں اتر سکے۔
30 سالہ وہاب میچ کے پہلے دن سری لنکن اننگز کے آغاز پر بولنگ کرنے آئے تھے اور انھوں نے نو اوورز بھی کیے لیکن اس دوران وہ تکلیف میں دکھائی دیے تھے۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے مینیجر نوید چیمہ کا کہنا ہے کہ کھیل کے اختتام پر جب ان کے ہاتھ کا ایکسرے کروایا گیا تو اس میں فریکچر کا انکشاف ہوا۔
وہاب کی چوٹ کو کولمبو ٹیسٹ میں پہلے ہی مشکلات میں گھری پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا دھچکہ سمجھا جا رہا ہے۔
نوید چیمہ کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض کو صحتیاب ہونے میں دو ہفتے لگیں گے اور اس وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف تین جولائی سے پالیکیلے میں شروع ہونے والا تیسرا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔
یہ واضح نہیں کہ وہاب سری لنکا کے خلاف 11 جولائی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی شریک ہو سکیں گے یا نہیں۔



