وہاب ریاض کا جرمانہ میں ادا کروں گا: لارا

،تصویر کا ذریعہAFP
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین برائن لارا نے کہا ہے کہ وہ وہاب ریاض کو ہونے والا جرمانہ دینے کو تیار ہیں۔
بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں برائن لارا کا کہنا تھا کہ کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض نے شین واٹسن کو جس جارحانہ انداز میں بولنگ کی وہ قابلِ دید تھا اس پر آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ کرنا مضحکہ خیز ہے۔
وہاب ریاض کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوارٹر فائنل میں ان کی بولنگ اب تک ورلڈ کپ کی سب بہترین بولنگ ہے اور ان سمیت دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین اس سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوئے ہیں۔
’وہاب کی بولنگ کے سامنے ایسا لگ رہا تھا کہ واٹسن سکول کے بچے ہیں، یہ حیرت انگیز کرکٹ تھی۔‘
لارا کا مزید کہنا تھا کہ وہ وہاب ریاض کو ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈلیڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض نے شین واٹسن کو جارحانہ انداز میں بولنگ کروائی تھی جس میں انھوں نے شارٹ پچ گیندیں اور باونسر بھی کروائے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جملوں اور اشاروں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔
میچ کے بعد آئی سی سی نے وہاب ریاض پر میچ فیس کا 50 فیصد اور شین واٹسن پر 15 فیصد جرمانہ کیا تھا۔
کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض نے 54 رنزکے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔



