اسد اور سرفراز ٹیم کو سنبھالا دے گئے

سرفراز احمد، اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسرفراز احمد، اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

گذشتہ سال اسی گال کے میدان پر پاکستانی بیٹنگ رنگانا ہیراتھ کے رحم و کرم پر رہی تھی لیکن اس بار پاکستانی بیٹسمینوں نے انھیں اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا ۔

سرفراز احمد، اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم مشکلات سے نکلتے ہوئے سری لنکا پر پہلی اننگز میں 117 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

رنگانا ہیراتھ جنھوں نےگذشتہ سال گال ٹیسٹ میں پاکستان کی نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس بار سنچری سے ایک کم رن دینے کے باوجود صرف ایک ہی وکٹ حاصل کرسکے ہیں۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر118 رنز پر پانچ وکٹوں کا سکور بتا رہا تھا کہ حالات پاکستانی ٹیم کے لیے اچھے نہیں ہیں لیکن چوتھے دن ان تینوں بیٹسمینوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے صورتحال کو پاکستانی ٹیم کے حق میں بدل دیا۔

ذوالفقار بابر نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری بنا ڈالی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنذوالفقار بابر نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری بنا ڈالی

سرفراز احمد کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہوگئی ہے کہ سری لنکن بولنگ کو کس بے دردی سے کھیلنا ہے۔

گذشتہ سال انھوں نے اسی سری لنکن بولنگ اٹیک کے خلاف دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بناڈالی تھیں اور اس بار وہ ایک اور سنچری کے قریب آکر اس سے دور ہوگئے۔

درحقیقت یہ ان کی 13 چوکوں سے سجی 96 رنز کی شاندار اننگز ہی تھی جس نے سری لنکن بولنگ کو حاوی نہیں ہونے دیا۔

سرفراز احمد اور اسد شفیق کے درمیان شراکت میں قیمتی139 رنز بنے۔

اسد شفیق نے ساتویں ٹیسٹ سنچری سکور کی۔کاش سلیکٹرز کو یہ احساس ہوجائے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے موزوں ترین ہیں اور انھیں ون ڈے میں ضائع کرکے ان پر غیرضروری پریشر نہ ڈالا جائے۔

اسد شفیق نے سنگلز پر انحصار کیا جس کا اندازہ ان کی 131 رنز کی اننگز میں صرف پانچ چوکوں سے لگایا جاسکتا ہے ۔

انھوں نے ایک اینڈ بڑے اعتماد سے سنبھالے رکھا اور عمدہ حکمت عملی کے تحت ساتھی بیٹسمینوں کو اٹیک کرنے کا موقع دیا۔

پہلی اننگز کے سنچری میکر سلوا کو وہاب ریاض نے آؤٹ کیا جبکہ سنگاکارا کی قیمتی وکٹ یاسرشاہ کے حصے میں آئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپہلی اننگز کے سنچری میکر سلوا کو وہاب ریاض نے آؤٹ کیا جبکہ سنگاکارا کی قیمتی وکٹ یاسرشاہ کے حصے میں آئی

پہلے سرفراز احمد نے یہ ذمہ داری نبھائی اور پھر یاسرشاہ اور ذوالفقاربابر نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔

یاسر شاہ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے لیکن ذوالفقار بابر نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری بنا ڈالی۔اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دسویں نمبر پر نصف سنچری بنانے والے پانچویں عمر رسیدہ بیٹسمین بن گئے ہیں۔

چوتھے دن کھیل ختم ہونے پر 63 رنز پر سری لنکا کی گرنے والی دو وکٹوں کے نتیجے میں آخری دن کے کھیل میں دلچسپی بدستور موجود ہے۔

پاکستان کی برتری اب بھی 54 رنز کی ہے اور یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ آخری دن کوشل سلوا اور سنگاکارا کو بیٹنگ نہیں کرنی ہے ، یہ دونوں بلے باز پویلین واپس جاچکے ہیں۔

پہلی اننگز کے سنچری میکر سلوا کو وہاب ریاض نے آؤٹ کیا جبکہ سنگاکارا کی قیمتی وکٹ یاسرشاہ کے حصے میں آئی اور یہ دونوں بولرز ان وکٹوں کے لیے اظہرعلی کے شکرگزار تھے۔