گال ٹیسٹ، سری لنکا کے 178 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ

،تصویر کا ذریعہAFP
گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا لیے۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کوشل سلوا اور اینجلو میتھیوز کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 80 اور دس رنز بنائے تھے۔
اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا اور جمعرات کو بھی کھیل کا میدان گیلا ہونے کے باعث سوا دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90112" platform="highweb"/></link>
سری لنکا کی جانب سے کمار سنگاکارا نے 50، کرونارتنے نے 21 اور لہیرو تھریمانے نے آٹھ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے دو اور محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو سری لنکا کی جانب سے کرونارتنے اور کوشل سلوا نے اننگز شروع کی۔
پاکستان کو میچ کے دوسرے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملتے ملتے رہ گئی جب وہاب ریاض کی گیند پر حفیظ نے کرونارتنے کو سلپ میں کیچ کر لیا تاہم وہ نو بال تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تاہم وہاب ریاض نے اپنے پانچویں اوور میں کرونارتنے کو دوبارہ آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوا دی۔ وہ 21 رنز بنانے کے بعد سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد سنگا کارا اور کوشل سلوا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 112 رنز بنائے۔
142 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب کمار سنگا کارا 50 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو تیسری کامیابی اس وقت ملی جب محمد حفیظ نے لہیرو تھریمانے کو آٹھ رنز کے انفرادی سکور پر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔
پاکستان نے اس میچ میں پہلے بولنگ کا فیصلہ کرنے کے باوجود دو فاسٹ بولروں وہاب ریاض اور جنید خان کو ہی کھلایا ہے جبکہ دو ریگولر سپنر ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کی تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دو سال کے مختصر عرصے میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چوتھی سیریز ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم سنہ 2006 کے بعد سے سری لنکا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت پائی ہے۔ آخری بار اس نے انضمام الحق کی قیادت میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔




