مرے کو شکست، جاکووچ فرنچ اوپن کے فائنل میں

جوکووچ لگاتار دوسرے سال فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنجوکووچ لگاتار دوسرے سال فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں

سربیا کے نواک جاکووچ برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے کر فرنچ اوپن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

اتوار کو فائنل میں ان کا مقابلہ سٹین وارونکا سے ہوگا۔

سنیچر کو رولینڈ گیروس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں نواك جوکووچ نے مرے کو سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹس میں شکست دی۔

میچ کا سکور چھ تین، چھ تین، پانچ سات، پانچ سات اور چھ ایک رہا۔

جوکووچ لگاتار دوسرے سال فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں جبکہ اینڈی مرے کو بھی لگاتار دوسرے برس سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گذشتہ برس فائنل میں جوکووچ کو کلے کورٹ کا بادشاہ کہے جانے والے ہسپانوی کھلاڑی رافیل ندال نے ہرایا تھا تاہم اس مرتبہ جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں ندال سے بدلہ لیا اور ان کا دسویں بار فرنچ اوپن جیتنے کا خواب چکناچور کر دیا۔

اینڈی مرے کو لگاتار دوسرے برس سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناینڈی مرے کو لگاتار دوسرے برس سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے

اس برس جاکووچ آسٹریلین اوپن جیت چکے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک سیزن میں چاروں گرینڈ سلام جیتنے کا اعزاز حاصل کریں اور آندرے اگاسی، ڈون بج، رائے ایمرسن، راجر فیڈرر، روڈ لیور، رافیئل ندال اور فریڈ پیری جیسے کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنا لیں۔

ادھر خواتین کے مقابلوں کا فائنل سنیچر کو ہی عالمی نمبر ایک امریکہ کی سیرینا ولیمز اور جمہوریہ چیک کی لوسی صفارووا کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

یہ صفارووا کے کریئر میں دوسرا موقع ہے کہ وہ کسی گرینڈ سلام مقابلے کے سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور انھوں نے دفاعی چیمپیئن ماریا شیراپووا کو بھی شکست دی تھی۔