پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی تک رسائی کی امید ابھی باقی

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فصیلہ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فصیلہ کیا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرے ون ڈے کے کسی نتیجے پر پہنچے بغیرختم ہونے کے سبب یا یوں کہہ لیں کہ زمبابوے کے نہ جیتنے کے سبب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی تک رسائی کی امیدیں بھی ابھی زندہ ہیں۔

پاکستان نے یہ سیریز دو صفر کی جیت پر ختم کی اور اب چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اسے سری لنکا کو اسی کے دیس میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں ہرانا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں سیریز کھیلنی ہیں۔

ویسٹ انڈیز اس دوران کوئی سیریز نہیں کھیلے گی اور ستمبر میں آئی سی سی کی عالمی رینکنگ اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ ان تین ٹیموں میں سے کون سی ایک ٹیم آٹھویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لے گی۔

فلڈ لائٹ ٹاور کی خرابی، تیزہواؤں اور پھر بارش کے سبب جب میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو زمبابوے نے پاکستان کے بنائے گئے 296 رنز نو کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں صرف نو اوورز میں 68 رنز بنا لیے تھے اور اس کی کوئی وکٹ نہیں گری تھی۔

اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے بابراعظم نے نصف سنچری سکور کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے بابراعظم نے نصف سنچری سکور کی

زمبابوے کو نظرثانی شدہ ہدف کے مطابق جیتنے کے لیے 46 اوورز میں281 رنز بنانے تھے۔ اوپنر سبانڈا اور چبھابھا نے تیز رفتار سٹارٹ لے کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کردیے تھے۔

چبھابھا جو دوسرے ون ڈے میں امپائر کے غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھ کر سنچری سے محروم ہوگئے تھے، چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے جبکہ سبانڈا نے تین چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے تھے۔

محمد سمیع کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے جنید خان رنز روکنے میں ناکام رہے ان کے تین اوورز میں 23 رنز بنے۔

انور علی نے دو اوورز میں 21 رنز دے ڈالے جبکہ وہاب ریاض کے لیے بھی برا وقت رہا جن کے دو اوورز میں 13 رنز بنے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اظہرعلی اور محمد حفیظ کی سنچری اوپننگ شراکت کے بعد صرف 43 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر اپنے لیے مشکلات کھڑی کر دیں۔

پاکستانی شائقین کرکٹ کو چھ سال بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کو ملی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی شائقین کرکٹ کو چھ سال بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کو ملی

محمد حفیظ نے 80 اور اظہرعلی نے 46 رنز سکور کیے جس کے بعد اسد شفیق صرف 16 اور شعیب ملک تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سرفراز احمد بھی بڑی اننگز کھیلنے کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔

اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے بابراعظم نے نصف سنچری سکور کی لیکن یہ انور علی کے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 38 رنز ناٹ آؤٹ تھے جن کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم 296 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکی۔