’زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پہلا قدم ہے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کو دنیا نے سراہا ہے اور اسے توقعات سے بڑھ کر پذیرائی ملی ہے۔
شہر یار خان کا کہنا ہے کہ عالمی کرکٹ نے چھ سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی بہت تعریف کی ہے اور انھیں اس ضمن میں آئی سی سی کے چیئرمین سری نواسن اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے جائلز کلارک کے مبارکباد کے فون آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مختلف کرکٹ بورڈز سے رابطے میں ہے اور اگلی سیریز آئندہ سال کرانے کی کوشش کی جائے گی اور یہ میچز کراچی، ملتان، فیصل آباد اور مظفرآباد میرپور میں کرانے کا ارادہ ہے۔
کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ زمبابوے سے ہونے والی سیریز کی ایک ڈاکومنٹری فلم بنائی جا رہی ہے جسے آئندہ ماہ آئی سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا تاکہ دنیا کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کا پتہ چل سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوے کرکٹ کے بھرپور تعاون کے بغیر یہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی تھی۔
انھوں نے لاہور کے کرکٹ شائقین کے بارے میں کہا کہ انھوں نے مثالی جوش وخروش اور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور سخت ترین سکیورٹی کے باوجود خندہ پیشانی سے میچز دیکھے ہیں۔
شہر یار خان نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پہلا قدم ہے جس کے بعد آہستہ آہستہ اعتماد بحال ہوگا اور لوگوں کے خیالات بھی بدلیں گے۔
انھوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ کے سربراہ سداتھ ویٹمنی آخری دو ون ڈے دیکھنے لاہور آ رہے ہیں جبکہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کو دوبارہ دعوت نامے کی یاددہانی کرائی گئی ہے۔



