آئی پی ایل: ممبئی انڈینز دوسری بار فاتح

،تصویر کا ذریعہPTI
بھارت میں ڈیڑھ ماہ سے جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آٹھواں ایڈیشن ممبئی انڈینز نے جیت لیا ہے اس طرح اس نے دوسری بار یہ خطاب حاصل کیا ہے۔
فائنل میں ممبئی انڈینز نے بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم چینئی سپر کنگز کو 41 رنز سے شکست دی۔
ٹورنامنٹ میں ممبئی کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ وہ ابتدائی پانچ میں سے چار میچ ہار چکی تھی تاہم اس نے آخر تک پلے آف میں جگہ بنائی۔
پورے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 562 رنز آسٹریلیا کے بیٹسمین اور سن رائزرز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے بنائے جبکہ 540 رنز کے ساتھ راجستھان رائلز کے اوپنر اجنکیا رہانے اور ممبئی انڈینز کے اوپنر لینڈل سیمنز رہے۔

،تصویر کا ذریعہPTI
اس ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں بنائی گئیں۔ پہلی سنچری چینئی سوپر کنگز کے لیے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم نے لگائی جبکہ دوسری سنچری رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے لگائی اور تیسری سنچری اسی ٹیم کے لیے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز نے لگائی۔
ٹورنامنٹ میں 17 میچوں میں سب سے زیادہ 26 وکٹ چنئی کی جانب سے کھیلنے والے ویسٹ انڈیز کے ڈی جے براوو نے لیں جبکہ ممبئی کی جانب سے سری لنکا کے فاسٹ بولر ملنگا نے 15 میچ میں 24 وکٹ لیں۔
گذشتہ سال فائنل کھیلنے والی کنگز الیون پنجاب کی ٹیم اس بار صرف تین میچ جیت سکی اور وہ ٹیبل میں سب سے نیچے رہی۔
کولکتہ کے معروف ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں چنئی نے ٹاس جیتا اور ممبئی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

،تصویر کا ذریعہPTI
ممبئی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے جس کے جواب میں چنئی سپرکنگز 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز ہی بنا سکی۔
ممبئی کی اننگز کی ابتدا اچھی نہیں رہی لیکن کپتان روہت شرما (50) اور ویسٹ انڈیز کے لنڈل سیمنز (68) نے چنئی کے گیند بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔
روہت اور سیمنز نے دھونی کی کوئی بھی حکمت عملی کامیاب نہیں ہونے دی۔ دونوں نے جم کر چوکے اور چھکے لگائے اور دوسرے وکٹ کے لیے 119 رن کی شراکت کی۔
ان کے بعد ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور امباتی رايڈو نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور رنز کی رفتار سست نہیں پڑنے دی۔
دونوں نے تیسرے وکٹ کے لیے 71 رنز کی اہم شراکت کی۔ پولارڈ نے 18 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 36 رن بنائے جبکہ رايڈو نے 24 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 36 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

،تصویر کا ذریعہbbc
ممبئی کے اس بڑے ہدف کا تعاقب کرنے والی چنئی کی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور 22 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کے کھلاڑی مائیک ہسی کی وکٹ گر گئی۔
اس کے بعد ڈوئن سمتھ اور سریش رینا نے 66 رن کی شراکت کی لیکن 12 ویں اوور میں سمتھ کے آؤٹ ہونے تک رن ریٹ 14 رنز فی اوور سے بھی زیادہ ہو چکا تھا۔



