ٹائیگر وڈز کی اپنی گرل فرینڈ سے علیحدگی

جوڑے کو آخری بار گذشتہ ماہ ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجوڑے کو آخری بار گذشتہ ماہ ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا

گالف کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ٹائیگر وڈز اور ان کی گرل فرینڈ نے ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

وڈز کی گرل فرینڈ لینڈسی وون سکیئنگ میں اولپمک چیمپئن ہیں۔

جوڑے کے مطابق اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک دوسرے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

لینڈسی وون نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ:’ تین سال ایک ساتھ رہنے کے بعد علیحدہ ہونے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے، وڈز کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ گزارا گیا وقت ان کے لیے ہمیشہ باعث مسرت رہے گا۔‘

’ایک ساتھ گزرے وقت کی مشترکہ یادداشتیں ہمیشہ خوشگوار رہیں گی لیکن بدقسمتی سے بے حد مصروفیات کی وجہ سے ہمیں علیحدہ ہونا پڑ رہا ہے۔‘

لینڈسی وون کے مطابق ٹائیگر وڈز اور ان کے خوبصورت خاندان کی ہمیشہ میرے دل میں خاص جگہ رہے گی۔

جوڑے کو آخری بار گذشتہ ماہ ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا اور اس موقعے پر وڈز کی سات سالہ بیٹی سیم اور چھ سالہ بیٹی چارلی بھی ساتھ تھیں۔

ٹائیگر وڈز نے بیان میں کہا ہے کہ’ میرے لینڈسی کے لیے بہت اچھے جذبات ہیں، اس کے لیے احترام اور محبت ہے اور میری بیٹیوں اور خاندان کے لیے بہت اچھی تھیں، لیکن بدقسمتی سے ہم بہت مصروف زندگیاں گزار رہے ہیں اور دونوں بے حد مصروفیات والی کھیل میں حصہ لیتے ہیں اور اس وجہ سے ہمارے لیے ایک ساتھ وقت گزارنا مشکل ہو گیا تھا۔‘

ٹائیگر وڈز نے اس سے پہلے سویڈن کی ایک ماڈل سے شادی کی تھی تاہم 2010 میں متعدد غیر ازدواجی تعلقات منظرِ عام پر آنے کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی تھی۔