بنگلہ دیش نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

سومیا سرکار

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش کے اوپنر سومیا سرکار نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو جتینے کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 39.3 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ہے۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلا میچ ہرا کر 16 سالہ جمود توڑا تھا جبکہ دوسرے میچ کی جیت نے اسے پاکستان کے خلاف پہلی بار ون ڈے سیریز کی جیت سے ہمکنار کیا تھا۔

<link type="page"><caption> میچ کا سکور بورڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/90108" platform="highweb"/></link>

بنگلہ دیش کے اوپنر سومیا سرکار نے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بنگلہ دیش کے اووپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے 145 رنز کی عمدہ پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں جنید خان نے حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تمیم اقبال تھے جو 64 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ تمیم نے ایک اچھا سکور کیا لیکن وہ اس سیریز میں مسلسل تیسرے سنچری نہیں بنا سکے۔

اظہر علی نے دس چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناظہر علی نے دس چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی اور سمیع اسلم نے پہلی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کر کے بنگلہ دیش کو ایک بڑا ہدف دینے کی بنیاد رکھی تاہم بعد میں آنے والے بیٹسمین اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

پاکستانی کپتان اظہر علی نے حارث سہیل کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت قائم کی اور اسی دوران انھوں نے اپنے کریئر کی پہلی سنچری بنائی۔

پاکستان کے دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں حارث سہیل نے 52 اور سمیع اسلم نے 45 رنز بنائے۔

ایک موقع پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان بنگلہ دیش کو ایک بڑا ہدف دے گا مگر ایسا نہ ہو سکا اور پاکستان کے آخری آٹھ کھلاڑی سکور میں صرف 47 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضی، روبیل حسین، عرفات سنی اور شکیب الحسن نے دو دو جبکہ ناصر حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں پہلے ہی دو صفر سے شکست دے چکا ہے۔

پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کو 330 کا ہدف حاصل کرنے میں ناکامی کی وجہ سے شکست ہوئی تھی اور دوسرے میچ میں وہ بنگلہ دیشی ٹیم کو ایسا ہدف دینے میں کامیاب نہ ہو سکی جس کا دفاع اس کے بولرز کر پاتے۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ راحت علی، سرفراز احمد اور سعید اجمل کی جگہ عمر گل، ذوالفقار بابر اور سمیع اسلم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔