نیوزی لینڈ کے بولر ایڈم مل ورلڈ کپ سے باہر

بولنگ کرانے سے ایڈم مل کا درد شدید ہو جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبولنگ کرانے سے ایڈم مل کا درد شدید ہو جاتا ہے

نیوزی لینڈ کے تیزرفتار بولر ایڈم مل کرکٹ کے عالمی کپ کے اہم اور فیصلہ کن مرحلے پر زخمی ہو کر سیمی فائنل اور نیوزی لینڈ کے فائنل میں آ جانے کی صورت میں فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کوچ مائک ہیسن نے کہا ہے کہ بائیس سالہ ایڈم مل گزشتہ دو ہفتوں سے بائیں ایڑی میں درد محسوس کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ کوائٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ایڈم مل کا درد ختم ہو گیا تھا لیکن میچ میں شمولیت کے بعد یہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

ایڈن پارک میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ہیسن نے کہا کہ مل بولنگ کرانے کے قابل نہیں ہیں اور جب وہ گیند کراتے ہیں تو انھیں شدید تکلیف ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں چلتے وقت کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوتی لیکن جب وہ گیند کرتے ہیں تو درد اس قدر شدید ہو جاتا ہے کہ ان کے لیے چلنا بھی محال ہو جاتا ہے۔

مل کے زخمی ہونے سے نیوزی لینڈ کے لیے شدید مشکل پیدا ہو گئی ہے۔ نیوزی لینڈ اب تک کے اپنے تمام میچوں کے لیے ایک ہی ٹیم سلیکٹ کرتا رہا ہے اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

ہیسن نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ مل کی جگہ ہینری کو ٹیم میں شامل کیا جائےگا۔

انھوں نے کہا کہ جب ٹیم سٹیڈیم پہنچے گی اس وقت حالات دیکھ کر یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کسے ٹیم میں شامل کیا جائے اور کونسا کھلاڑی زیادہ بہتر رہے گا۔

سوئنگ بولنگ کرانے کی صلاحیت رکھنے والے بولر کیلی ملز اور بائیں بازو سے گیند کرانے والے میچل میکلنگھن بھی دستیاب ہیں۔ مل بولنگ میں اٹیک کرتے رہے ہیں لہذا نئی گیند سے ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سوتھی سے بولنگ کروانا مشکل فیصلہ ہو گا۔