ویسٹ انڈیز کی چھ وکٹوں سے جیت، پول بی میں تیسرے نمبر پر

،تصویر کا ذریعہGetty
نیپئر میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے عالمی ورلڈ کپ کے پول بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے متحدہ عرب امارات کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 176 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز نے یہ ہدف 30.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
جوناتھن کارٹر نے 58 گیندوں میں 50 رنز سکور کیے جبکہ دنیش رام دین نے 50 گیندوں میں 33 رنز سکور کیے اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔
اس میچ سے قبل ویسٹ انڈیز کا رن ریٹ منفی 0.511 تھا لیکن یہ میچ جیتنے کے بعد اس کا رن ریٹ منفی 0.053 ہو گئی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سمتھ اور چارلز نے اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سمتھ نو گیندوں پر 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کے آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی سیمیولز تھے۔ انھوں نے نو رنز بنائے۔
تیسری وکٹ 109 کے مجموعی سکور پر گری جب چارلز 40 گیندوں میں 55 رنز سکور کر کے امجد جاوید کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کو جلد ہی ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب 118 کے مجموعی سکور پر رسل 7 رنز سکور کر کے امجد جاوید کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فصیلہ کیا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88586" platform="highweb"/></link>
متحدہ عرب امارت کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور 47.4 اوورز میں 175 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
46 کے سکور پر چھ کھلاڑی ہونے کے بعد امجد جاوید اور ناصر عزیز نےٹیم کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور دونوں نے نصف سنچری سکور کیں اور دونوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت داری ہوئی۔
یہ شراکت داری امجد جاوید کے 56 کے سکور پر رسل کے ہاتھوں بولڈ ہونے پر ختم ہوئی جبکہ ناصر 60 رنز بنا کر سیمولز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ٹیل اینڈرز میں توقیر 2 اور نوید 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کا آغاز بہت خراب رہا اور چھ اوورز میں 17 رنز پر اس کے تین بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے جبکہ 10 اوورز میں نصف ٹیم 31 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔
اوپنر بلے باز بیرینجر 7، کرشنا صفر اور اوپنر بلے باز امجد علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کے بولر ٹیلر نے 4، ہولڈر نے تین جبکہ رسل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
میچ میں ویسٹ انڈیز کے سٹار بلے باز کرس گیل انجری کے باعث نہیں کھیل رہے ہیں اور ان کی جگہ جانسن چالس کو شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیمیں کا یہ آخری آخری پول میچ ہے۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کو پانچ میچوں میں دو کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا رہا۔
متحدہ عرب امارات ابھی تک ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں رہی اور اسے پہلے پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویسٹ انڈیز کا ابھی بھی کواٹر فائنل میں جانے کا امکان ہے۔ اگر پاکستان کو آئرلینڈ سے بڑے مارجن سے شکست ہوتی ہے اور ویسٹ انڈیز ایک بڑے مارجن سے متحدہ عرب امارات کو شکست دیتا ہے تو اس صورت میں اس کے اگلے راؤنڈ میں جانے کے امکان ہیں۔
چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کا مقابلہ پول اے میں سرفہرست ٹیم نیوزی لینڈ سے ہو گا جبکہ پول بی میں تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کا مقابلہ پول میں تیسری پوزیشن میں آنے والے آسٹریلیا سے ہو گا۔



