نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

گپٹل نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 88 گیندوں پر 100 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگپٹل نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 88 گیندوں پر 100 رنز بنائے

کرکٹ کے 11ویں ورلڈ کپ مقابلوں میں جمعے کو پول اے میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز سکور کیے جو نیوزی لینڈ نے 48.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیے۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://m.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88582" platform="highweb"/></link>

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری جب شکیب نے میک کلم کو آؤٹ کیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بھی شکیب ہی کا نشانہ بنے۔ ان فارم کین ولیمسن صرف ایک رن بنا سکے۔

مارٹن گپٹل نے 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 100گیندوں میں 105 رنز بنائے۔ ان کو شکیب الحسن نے آؤٹ کیا۔

ایلیئٹ نےتیز بیٹنگ کی اور 34 گیندں پر 39 رنز سکور کیے۔ ان کو روبیل حسین نے آؤٹ کیا۔

ٹیلر کو ناصر حسین نے آؤٹ کیا۔ انھوں نے 97 گیندوں میں 56 رنز سکور کیے۔

رونکی نو رنز بنا کر شکیب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اینڈرسن نے 26 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ انھوں نے تین چوکے اور تین چھکے مارے۔ ان کو ناصر حسین نے بولڈ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب نے چار اور ناصر حسین نے دو جبکہ ایک وکٹ روبیل حسین نے لی۔

اس سے قبل محمود اللہ نے لگاتار دوسری سنچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انھوں نے 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 122 گیندوں میں 127 رنز سکور کیے۔

سومیا کے بعد محمود اللہ نے ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا اور محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 111گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سینچری سکور کی۔

محمود اللہ نے ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمود اللہ نے ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو عمروالقیس اور تمیم اقبال نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی پانچ اوورز میں صرف چار رنز ہی بنائے۔

اس شراکت کو چھٹے اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے عمروالقیس کو بولڈ کر کے توڑا، وہ صرف دو رن بنا سکے۔ بولٹ کے ابتدائی تین اووروں میں ایک رن بھی نہیں بنا۔

بولٹ نے ہی دسویں اوور میں نیوزی لینڈ کو دوسری کامیابی تمیم اقبال کو سلپ میں کیچ کروا کے دلوائی۔ اس وقت بنگلہ دیش کا سکور 27 تھا۔

تاہم اس کے بعد سومیا اور محمود اللہ نے تقریباً دس رنز فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

سومیا 58 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 51 بنا کر ویٹوری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شکیب الحسن ایک بار پھر اچھا پرفارم نہ کر سکے اور 18 گیندوں میں 23 رنز سکور کر کے اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

مشفیق الرحیم کو اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔ وہ صرف 15 رنز سکور کر سکے۔

صابر رحمان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 22 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز سکور کیے۔ ان کو اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔

سومیا 58 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 51 بنا کر وٹوری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسومیا 58 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 51 بنا کر وٹوری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے

بنگلہ دیش کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی ناصر تھے جنھوں نے 11 رنز سکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ، اینڈرسن اور ایلیئٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویٹوری ایک وکٹ لے سکے۔

اس میچ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سپنر عرفات سنی اور کپتان مشرفی مرتضیٰ کی جگہ تیج الاسلام اور ناصر حسین یہ میچ کھیل رہے ہیں۔

مشرفی کی جگہ کپتانی کے فرائض شکیب الحسن نے سرانجام دیے۔

میزبان ٹیم نے بھی ایک تبدیلی کی اور بیمار بولر ملن کی جگہ مچل میکلینیگن کو دی گئی۔

یہ دونوں ٹیمیں پول اے سے پہلے ہی کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا چکی ہیں۔