انگلینڈ ورلڈ کپ سے باہر، بنگلہ دیش کوارٹر فائنل میں

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے میچ میں بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 15 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ انگلینڈ چوتھی شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
بنگلہ دیش کے 275 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 260 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ تسکین احمد اور مشرفی مرتضیٰ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی اننگز
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88578" platform="highweb"/></link>
انگلینڈ ایک موقعے پر 26 اووروں میں 121 پر دو وکٹیں تھیں تاہم 27 ویں اوور میں بنگلہ دیش نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایئن بیل نے احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 66 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد نصف سنچری مکمل کی۔
انگلینڈ کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب ایئن بیل نے معین علی کی کال پر رن بنانے سے انکار کیا اور معین علی 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایلکس ہیلز تھے جنھوں نے 27 رنز سکور کیے۔ ان کو مرتضیٰ نے آؤٹ کیا۔
27 ویں اوور کی پہلی گیند پر ایئن بیل 63 رنز بنا کر روبیل حسین کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ روبیل نے اسی اوور کی چوتھی گیند پر مورگن کو بھی آؤٹ کر دیا۔
انگلینڈ کے پانچویں کھلاڑی 132 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ ٹیلر صرف ایک رن بنا سکے اور ان کو تسکین نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 163 کے مجموعی سکور پر گری جب جے روٹ 29 رنز بنا کر مشرقی مرتضیْ کا شکار بنے۔
جوس بٹلر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے52 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ انھیں تسکین نے آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے آٹھویں کھلاڑی کرس جارڈن بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔ نویں وکٹ اس وقت گری جب سٹوارٹ براڈ کو روبیل نے بولڈ کیا۔
بنگلہ دیش کی اننگز
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہ تھا لیکن محمود اللہ اور مشفیق نے عمدہ کھیل پیش کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
محمود اللہ بنگلہ دیش کی جانب سے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ورلڈ کپ میں سنچری سکور کی ہے۔
دوسری جانب محمود اللہ اور مشفق کے درمیان 141 رنز کی شراکت بھی بنگلہ دیش کی سب سے زیادہ شراکت ہے۔
محمود اللہ نے 138 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور وہ رن آؤٹ ہوئے۔
مشفیق نے 77 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے۔ ان کو براڈ نے آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کو پہلے اوور کی چوتھی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا جب قیس دو رنز بنا کر اینڈرسن کا نشانہ بنے۔
بنگلہ دیش کو تیسرے اوور میں ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب اینڈرسن نے اپنی دوسری وکٹ لی۔ تمیم اقبال دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
94 کے مجموعی سکور پر سرکار جو بہت عمدہ بیٹنگ کر رہے تھے، 52 گیندوں میں 40 رنز بنا کر جارڈن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
معین علی نے چوتھی وکٹ اس وقت لی جب انھوں نے شکیب الحسن کو دو رنز پر آؤٹ کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
محمود اللہ نے 138 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور وہ رن آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ 261 کے مجموعی سکور گری جب مشفق آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 77 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے۔ ان کو براڈ نے آؤٹ کیا۔
صابر رحمان 14 رنز بنا کر جارڈن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کو کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اس میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دینا لازمی تھا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کو کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے صرف ایک جیت درکار تھی اور اس میچ میں فتح کے بعد بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
بنگلہ دیش نے پانچ میچ کھیلے ہیں جن میں سے وہ تین جیتا، ایک ہارا اور ایک میچ بارش کے باعث نہ ہو سکا۔
دوسری جانب انگلینڈ نے پانچ میچ کھیلے جن میں سے اسے صرف ایک میں کامیابی ملی۔



