بنگلہ دیش نے سکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا

،تصویر کا ذریعہGetty
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے میچ میں بنگلہ دیش نے سکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سکاٹ لینڈ نے اس میچ میں بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 319 رنز کا بڑا ہدف دیا جو اس نے تمیم اقبال، مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88572" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> بنگلہ دیش بمقابلہ سکاٹ لینڈ: تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2015/03/150305_cwc_pics_scot_bangladesh_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
بنگلہ دیش کو اننگز کے آغاز میں ہی سومیا سرکار کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا تھا۔ وہ دو رن بنانے کے بعد جوش ڈیوی کی گیند پر کیچ ہوئے۔
تاہم اس کے بعد تمیم اور محمود نے 139 رنز کی اچھی شراکت قائم کی اور نصف سنچریاں بنائیں۔
سکاٹ لینڈ کو دوسری کامیابی وراڈلا نے محمود اللہ کو 62 رنز پر آؤٹ کر کے دلوائی۔
تمیم پانچ رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور ڈیوی کی دوسری وکٹ بنے۔ انھوں نے ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کے خلاف ریویو کا سہارا بھی لیا لیکن امپائر کا فیصلہ برقرار رہا۔
انھوں نے 95 رنز کی اس اننگز کے دوران ایک روزہ کرکٹ میں چار ہزار رنز بھی مکمل کیے۔ تمیم شکیب الحسن کے بعد اس سنگِ میل تک پہنچنے والے دوسرے بنگلہ دیشی ہیں۔
مشفق الرحیم نے 42 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، انھیں 38ویں اوورز میں ایونز نے آؤٹ کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس کے بعد شکیب الحسن نے صابر رحمان کے ساتھ مل کر 71 رنز کی شراکت قائم کی اور مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو فتح دلوا دی۔ شکیب نصف سنچری بنانے کے بعد 52 جبکہ صابر 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ کا ریکارڈ سکور
اس سے قبل بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کی ٹیم کو مہنگی پڑی۔
سکاٹش اوپنر کائل کوئٹز نے 156 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ مقابلوں میں سکاٹ لینڈ کا سب سے بڑا مجموعہ بنانے میں مدد دی۔
وہ 45ویں اوور تک کریز پر موجود رہے اور مڈل آرڈر بلے بازوں مومنسن اور میچن کے ساتھ بھی اچھی شراکتیں بنائیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
بنگلہ دیش کو اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے کم از کم دو مزید میچ جیتنے ہیں۔
اس میچ سے قبل بنگلہ دیش اس ٹورنامنٹ میں افغانستان کو ہرا چکی ہے جبکہ سکاٹ لینڈ نے ٹورنامنٹ میں ابھی تک تمام میچ ہارے ہیں۔



