یونس خان کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ریٹائرمنٹ کا پیغام

ورلڈ کپ 2015 میں یونس خان کی کارکردگی ناقص رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنورلڈ کپ 2015 میں یونس خان کی کارکردگی ناقص رہی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، برسبین

پاکستان کے کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

ریٹائرمنٹ کا یہ اعلان منگل کو مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ کے ذریعے کیا گیا تاہم کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یونس کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ ہی نہیں ہے۔

ٹوئٹر پر یونس خان کے نام سے بنائے جانے والے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی تھی کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور وہ اپنے تمام پرستاروں کے شکر گزار ہیں۔

بی بی سی کے استفسار پر پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر نے بتایا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کی خبر کے بارے میں یونس خان سے بات ہوئی ہے اور یونس خان کا کہنا ہے کہ ان کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ ہی نہیں ہے ۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر پر کئی کھلاڑیوں اور فلمی ستاروں کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنے ہوئے ہیں جن کے ذریعے دیے جانے والے پیغامات بسا اوقات ان کے لیے مشکلات کا سبب بن جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس ورلڈ کپ میں یونس خان کی کارکردگی ناقص رہی ہے اور ان کی ٹیم میں شمولیت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

بھارت کے خلاف پہلے میچ میں وہ چھ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے ٹیم منیجمنٹ سے کہا ہے کہ آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دے کر اگلے میچوں کے لیے درست سلیکشن کیا جائے۔