پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کھلاڑیوں سے ناراض

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کرائسٹ چرچ
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن نے چند کھلاڑیوں کے مبینہ نامناسب رویے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے شکایت کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گرانٹ لوڈن نے کہا ہے کہ اگر ان کھلاڑیوں نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ ورلڈ کپ کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔
<link type="page"><caption> کرکٹ ورلڈ کپ پر بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/indepth/cricket_world_cup_2015_special_fz" platform="highweb"/></link>
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگرچہ اس معاملے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ گرانٹ لوڈن چند کرکٹرز کی تربیتی عمل میں مبینہ عدم دلچسپی سے خوش نہیں ہیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرانٹ لوڈن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ای میل کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر ان کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر اپنی غیرسنجیدگی جاری رکھی تو وہ ورلڈ کپ کے بعد اپنی ذمہ داری چھوڑ دیں گے۔
واضح رہے کہ گرانٹ لوڈن کی بحیثیت فیلڈنگ کوچ تقرری مئی 2014 میں دو سال کے لیے عمل میں آئی تھی۔ اس سے قبل وہ بنگلہ دیشی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر گرانٹ لوڈن کے کسی بھی کھلاڑی سے اختلافات کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔
تاہم بورڈ نے یہ تسلیم کیا ہے کہ گرانٹ لوڈن نے اپنا استعفی بھیج دیا تھا جس کی وجہ انہوں نے مبینہ طور ذاتی نوعیت کی بتائی تھی اور کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں لیکن بعد میں انہوں نے یہ استعفی واپس لے لیا تھا۔
ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم فٹنس اور ڈسپلن دونوں طرح کے مسائل میں گھری ہوئی ہے۔
ورلڈ کپ کی اعلان کردہ ٹیم سے محمد حفیظ اور جنید خان ان فٹ ہوکر باہر ہو چکے ہیں جبکہ سڈنی میں وارم اپ میچوں سے قبل پاکستانی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے اور منیجر نوید اکرم چیمہ نے ان پرجرمانہ عائد کیا تھا۔



