’آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ دے دینا چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آئرلینڈ کو فوری طور پر ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا درجہ دے دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کو اب تسلیم کرنے کی ضرورت ہے اور اسے ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا درجہ دینے کا وقت آ گیا ہے۔
مائیکل ہولڈنگ کا یہ بیان آئرلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں جیت کے بعد سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ نےگذشتہ پانچ میں سے چار انٹر کانٹینینٹل ٹورنامنٹس جیتے ہیں تاہم ہولڈنگ کو خدشتہ ہے آئرلینڈ کے لیے یہ راستہ بہت سست ثابت ہو گا۔
ویسٹ انڈیز کے سابق معروف بولر کے مطابق اگر آئرلینڈ کرکٹ کی دنیا کے نچلے خطوں کے اردگرد تاخیر کرتا رہا تو اس صورت میں وہ اپنے اچھے کھلاڑیوں کو ضائع کرتا رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا ’ائین مورگن نے آئرلینڈ کو چھوڑ کر انگلینڈ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کو اسی لیے ترجیح دی کیونکہ انھیں وہاں کرکٹ کے روشن امکانات دکھائی دیے۔ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی معروف ٹیم ہے۔‘
مائیکل ہولڈنگ کو یقین ہے کہ آئرلینڈ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری کرکٹ کے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لے گا۔
انھوں نے کہا ’میرے خیال میں آئرلینڈ زمبابوے کو ہرا دےگا اور ان کے پاس کوارٹر فائنل تک رسائی کا بہترین موقع ہے۔
امید کی جا رہی کہ آئرلینڈ آئندہ منگل کو برسبین میں متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنے دوسرا میچ جیت لے گا اور اسے کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے جنوبی افریقہ، زمبابوے، بھارت اور پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچوں میں سے کسی ایک میں فتح حاصل کرنا ہو گی۔



