ورلڈ کپ: آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا

آئرش اوپنرز نے پراعتماد انداز میں مخالف بولروں کا سامنا کیا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآئرش اوپنرز نے پراعتماد انداز میں مخالف بولروں کا سامنا کیا ہے

کرکٹ کے 11ویں عالمی کپ کے پول بی میں پیر کو آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن فیلڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں آئرلینڈ کو فتح کے لیے 305 رنز کا ہدف ملا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 46ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://m.bbc.com/sport/cricket/scorecard/88550" platform="highweb"/></link>

یہ پہلا موقع ہے کہ اس ورلڈ کپ میں کوئی ٹیم کسی میچ میں مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

آئرش اننگز کی خاص بات ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کی عمدہ کاکردگی تھی۔

یورپی ٹیم کے لیے ولیم پوٹرفیلڈ اور پال سٹرلنگ نے اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت بنائی۔

اپنے ریگولر بولروں کی ناکامی کے بعد ویسٹ انڈین کپتان نے کرس گیل کو گیند دی جنھوں نے ولیم پورٹرفیلڈ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔

تاہم اس نقصان کے باوجود آئرش بلے باز دباؤ میں نہیں آئے اور پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔

ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز اس ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز اس ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں

پوٹر فیلڈ کے جانے کے بعد پال سٹرلنگ نے ایڈ جوائس کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے مزید 106 رنز بنا ڈالے۔

تاہم سٹرلنگ آٹھ رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور ٹورنامنٹ میں ’نروس نائٹیز‘ کا پہلا شکار بنے۔

انھیں 92 کے انفرادی سکور پر مارون سیموئلز نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد 84 رنز بنانے والے ایڈ جوائس نے نیل او برائن کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ جب وہ 42ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو آئرش ٹیم کو فتح کے لیے صرف 32 رنز درکار تھے۔

یہ مطلوبہ ہدف آئرش ٹیم نے مزید تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جبکہ نیل اوبرائن 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سمنز اور سیمی نے بچا لیا

اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔

31 رنز پر دونوں اوپنر کی خدمات سے محروم ہونے والی ویسٹ انڈین ٹیم پر ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم اس موقع پر لینڈل سمنز نے ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر عمدہ بلے بازی کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 154 رنز کی شراکت قائم کر ڈالی۔

آئرش بولروں نے ابتدا میں عمدہ بولنگ کی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنآئرش بولروں نے ابتدا میں عمدہ بولنگ کی

ان دونوں نے 45ویں اوور تک بلے بازی کی اور ان کی اس اچھی شراکت کا خاتمہ مونی نے کیا جب سیمی 89 رنز بنانے کے بعد ڈوکرل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سمنز دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور 49ویں اوور میں سنچری مکمل کی۔ تاہم اسی اوور میں وہ سورینسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لینڈل سمنز اس ٹورنامنٹ میں اب تک سنچری مکمل کرنے والے چوتھے کھلاڑی ہیں جبکہ یہ لگاتار پانچواں میچ ہے جس میں پہلے کھیلنے والی ٹیم 300 سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ماضی میں دو مرتبہ 1975 اور 1979 میں ورلڈ کپ مقابلے جیت چکی ہے جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم ماضی میں ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو شکست دے چکی ہے۔