’چھوٹی ٹیم کی جیت پر اپ سیٹ کا لفظ پسند نہیں‘

آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ اور پال سٹرلنگ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹرفیلڈ اور پال سٹرلنگ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے

آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف عالمی کپ کے میچ میں جیت اپ سیٹ نہیں ہے۔

ولیم پورٹرفیلڈ کے مطابق آئر لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کسی بھی وقت مشکل میں نہیں رہی تھی۔

آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے چھٹی وکٹ کے لیے قائم کی جانے والی 154 رنز کی شراکت اور اننگز کے آخری 10 اوورز میں 124 رنز بن جانے کے باوجود انھوں نے حوصلہ نہیں ہارا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ولیم پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ انھیں اس بات کا اندازہ تھا کہ ان کی ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے کے قابل ہے اور ہم نے ایسا کر کے دکھایا۔

آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور پال سٹرلنگ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے۔

ولیم پورٹر فیلڈ نے نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن فیلڈ کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ذاتی طور پر مجھے کرکٹ میں چھوٹی ٹیم کی جانب سے اپ سیٹ کے الفاظ پسند نہیں ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح اپ سیٹ نہیں ہے اور ہم ہر میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اگر ہم نے اس طرح کی خراب کرکٹ جاری رکھی تو ہم یہاں زیادہ عرصہ ٹھہر نہیں سکیں گے: ڈیرن سیمی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناگر ہم نے اس طرح کی خراب کرکٹ جاری رکھی تو ہم یہاں زیادہ عرصہ ٹھہر نہیں سکیں گے: ڈیرن سیمی

میچ میں آئرلینڈ کو فتح کے لیے 305 رنز کا ہدف ملا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ رواں کرکٹ ورلڈ کپ میں کوئی ٹیم کسی میچ میں مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے آئر لینڈ سے شکست کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ میں ایسی کارکردگی دہرانے کی مزید گنجائش نہیں ہے۔

انھوں نے کہا ’اگر ہم نے اس طرح کی خراب کرکٹ جاری رکھی تو ہم یہاں زیادہ عرصہ ٹھہر نہیں سکیں گے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیرن سیمی نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات آپ کے خلاف جا رہے ہوں تو پھر خود کو اور کھلاڑیوں کو متحرک کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آئر لینڈ سے شکست کے بعد ہمیں فوری طور پر تحریک کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ آئر لینڈ کے خلاف ناقص فیلڈنگ اور کیچ چھوڑنا بھی ہماری شکست کی ایک وجہ ہے۔