ورلڈکپ: بدکلامی کرنے پر سیمی اور مونی کو جرمانہ

،تصویر کا ذریعہGetty
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران بدکلامی کرنے پر ویسٹ انڈیز کے بلے باز ڈیرن سیمی اور آئرلینڈ کے بولر جان مونی پر جرمانہ کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ دونوں ضابطۂ اخلاق کی لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
کرکٹ کی عالمی تنظیم کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو ان کی میچ فیس کا 30 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
بیان کے مطابق بدکلامی کے یہ واقعات نیوزی لینڈ میں نیلسن کے مقام پر ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پیش آئے تھے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین اننگز کے 34ویں اوور میں ڈیرن سیمی نے شاٹ کھیلنے کے بعد نازیبا الفاظ کہے جو ناظرین نے سنے۔
اس کے بعد اسی اننگز کے 45ویں اوور میں آئرش بولر جان مونی فیلڈر کی جانب سے کیچ چھوٹ جانے پر اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکے اور انھیں برابھلا کہا۔
آئی سی سی کے مطابق میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کے رکن کرس براڈ نے دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جسے دونوں کھلاڑیوں نے قبول کر لیا۔
آئرلینڈ نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے سربراہ ڈیوڈ رچرڈسن نے 2015 کے ورلڈ کپ مقابلوں کے آغاز سے قبل ہی متنبہ کر دیا تھا کہ حد سے زیادہ بدکلامی کرنے والے کھلاڑیوں کو بھاری جرمانوں اور پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



