ایک اور انجری، سہیل خان چوٹ کے باعث وارم اپ میچ سے باہر

انجری کا شکار ہونے سے قبل سہیل نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ اوورز میں 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنانجری کا شکار ہونے سے قبل سہیل نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ اوورز میں 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان کی ٹیم کو ایک اور مشکل کا سامنا ہے جب فاسٹ بولر سہیل خان بھی انجری کا شکار ہو گئے۔

سڈنی میں پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں سہیل خان پنڈلی کے زخم کے سبب ان فٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے میڈیا آفیسر کا کہنا ہے ’سہیل کو پنڈلی میں چوٹ لگی ہے اور احتیاطً ان سے چھ اوورز کے بعد بولنگ نہیں کرائی گئی۔ وہ آرام سے بھاگ سکتے ہیں بغیر کسی تکلیف کے اور امید ہے کہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔‘

انجری کا شکار ہونے سے قبل سہیل نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ اوورز میں 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ زخمی ہونے کے باعث پاکستانی ٹیم اس سے پہلے محمد حفیظ اور جنید خان کی خدمات سے بھی محروم ہو چکی ہے۔

گذشتہ روز محمد حفیظ ان فٹ ہونےکےسبب ورلڈکپ سے باہر ہو گئے تھے۔ ڈاکٹروں نے انھیں تین سے چار ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

حفیظ کے متبادل کے طور پر ناصر جمشید کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

حفیظ سے پہلے فاسٹ بولر جنید خان بھی ان فٹ ہو کر ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم بدھ کو سڈنی میں اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گی۔