ایک ون ڈے کھیلنے والے راحت علی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل

26 سالہ راحت علی نے گیارہ ٹیسٹ 27 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن26 سالہ راحت علی نے گیارہ ٹیسٹ 27 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں

پاکستان کے فاسٹ بولر جنید خان کے ان فٹ ہونے کے بعد ان کی جگہ فاسٹ بولر راحت علی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

جنید خان ان فٹ ہونے کے باعث آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

راحت علی نے 2012 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا اور آخری ون ڈے کھیلا تھا۔ اس میچ میں انھوں نے چار اوور کرائے تھے اور ساڑھے آٹھ رنز فی اوور کی اوسط سے 36 رنز دیے تھے۔

اس کے علاوہ 26 سالہ راحت علی نے 11 ٹیسٹ اور 27 ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ جنید خان پچھلے ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے تھے۔

جنید کو ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ دورۂ نیوزی لینڈ سے قبل تربیتی کیمپ کے دوران ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔

کرکٹ بورڈ کے حکام نے انھیں اس چوٹ کی وجہ سے نیوزی کے دورے پر نہیں بھیجا تھا لیکن ان کا نام عالمی کپ کے سکواڈ میں برقرار رکھا گیا تھا۔